1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی اور آسٹریا نے مہاجرین کے لیے آنکھیں بچھا دیں

عاطف بلوچ5 ستمبر 2015

ہنگری سے مہاجرین اور تارکین وطن بسوں اور ٹرینوں کے ذریعے جرمنی اور آسٹریا کی طرف رواں دواں ہیں۔ ساڑھے چھ ہزار مہاجرین آسٹریا پہنچ چکے ہیں جبکہ تقریباً دس ہزار مہاجرین ویک اینڈ کے دوران جرمنی پہنچ جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/1GRgb
تصویر: Getty Images/A. Beier

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا ہے کہ ہنگری کے حکام نے ہفتے کے دن مہاجرین اور تارکین وطن کو آسٹریا اور جرمنی جانے کی اجازت دے دی ہے۔ ہفتے کے دن ان مہاجرین کی پہلی ٹرین دوپہر کے وقت جرمن شہر میونخ پہنچی، جہاں حکام نے ان افراد کی مدد کے لیے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔

جرمن پولیس نے بتایا ہے کہ متوقع طور پر دس ہزار مہاجرین اور تارکین وطن میونخ پہنچیں گے۔ اس تناظر میں میونخ کے ریلوے اسٹیشن پر عربی بولنے والے امدادی کارکن موجود ہیں، جو ان مہاجرین کی رجسٹریشن اور دیگر امدادی کاموں میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

جرمن ریلوے نے بتایا ہے کہ جرمنی پہنچنے کے خواہمشند مہاجرین کی زیادہ تعداد کو دیکھتے ہوئے نہ صرف خصوصی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں بلکہ ان ٹرینوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ بوگیاں بھی لگائی جا رہی ہیں۔ جرمن ریلوے ’ڈوئچے باہن‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مسافروں کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے اضافی عملہ بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ ان مہاجرین کو مشکلات پیش نہ آئیں۔

میونخ کے ریلوے اسٹیشن پر متعدد سینٹرز بنائے گئے ہیں، جہاں طبی کارکن بھی موجود ہیں جبکہ وہاں مہاجرین کو خوراک اور دیگر بنیادی اشیاء فراہم کرنے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ نے اس صورتحال میں جرمنی اور آسٹریا کی حکومتوں کی تعریف کی ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق مہاجرین کی دیکھ بھال کے لیے ویانا اور برلن کی حکومتیں قابل ستائش ہیں۔ ان مہاجرین میں زیادہ تر تعداد شام باشندوں کی ہے، جو اپنے ملک میں گزشتہ چار برسوں سے جاری بحران کے نتیجے میں وہاں سے فرار ہو رہے ہیں۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کو مہاجرین کے سب سے بڑے بحران کا سامنا ہے۔

Deutschland Flüchtlinge Bahnhof München
جرمن پولیس نے بتایا ہے کہ متوقع طور پر دس ہزار مہاجرین اور تارکین وطن میونخ پہنچیں گےتصویر: Getty Images/A. Beier

آسٹریا کے وزیر داخلہ کارل ہائنز گرُنڈبوئیک کے ترجمان نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ ہفتے کے دن ہنگری سے آسٹریا پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد چھ ہزار پانچ سو تک پہنچ گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ زیادہ تر افراد ٹرینوں کے ذریعے ویانا یا دیگر شہروں تک پہنچے۔

ادھر جرمن وفاقی پولیس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ میونخ پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد سولہ سو تک ہے جبکہ رات تک مزید تین ہزار افراد جرمنی پہنچ سکتے ہیں۔ ادھر ہفتے کے دن ہی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ تارکین وطن کی آمد پر کوئی حد مقرر نہیں کی گئی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید