1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی بدر افغان مہاجرین کو وطن لوٹنے پر کیا مواقع ملیں گے؟

صائمہ حیدر
15 مارچ 2017

بین الاقوامی تعاون کی جرمن تنظیم کے سلامتی کے مشیر فلپ شوئیر کا کہنا ہے کہ اگرچہ افغانستان میں استحکام کی صورتِ حال اب بھی مستحکم نہیں ہے تاہم جرمنی بدر افغان مہاجرین کو وطن واپسی پر بہتر مواقع ملنےکے مضبوط امکانات ہیں۔

https://p.dw.com/p/2ZDZX
Afghanistan Abgeschobene Afghanen erreichen Kabul
شوئیبر کے مطابق ترکِ وطن کرنے والوں کی بڑی تعداد نوجوان مردوں پر مشتمل ہے جس کی بنیادی وجہ بے روزگاری اور بد امنی ہےتصویر: picture-alliance/dpa/C. Röhrs

افغانستان میں جاری جنگ کی گرفت ملک میں اب بھی مضبوط دکھائی دیتی ہے۔ اسی تناظر میں ڈی ڈبلیو نے بین الاقوامی تعاون کی تنظیم جی آئی زیڈ کے سکیورٹی ایڈوائزر فلپ شوئیر سے ایک انٹرویو میں سوال کیا  کہ اب جبکہ جرمنی میں افغان پناہ گزینوں کو اُن کے ملک واپس بھیجنے پر اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا، تو زمینی حقائق کیا ہیں اور افغان تارکینِ وطن کو کن شرائط پر واپس بھیجا جا رہا ہے؟

شوئیر کی رائے میں افغانستان اب بھی مشکل اور نا گفتہ بہ حالات سے دو چار ہے اور  تنازعات کے نتیجے میں مایوسی اور بد امنی کا شکار ہے۔ فلپ شوئیر کے مطابق افغانستان میں بین الاقوامی افواج کی موجودگی نے پائیدار استحکام کو پنپنے نہیں دیا جس کے نتیجے میں وہاں جنگجو  اور بے ضابطہ معیشت فروغ پا رہی ہے۔

 شوئیر نے مزید کہا، ’’ صدر اشرف غنی کے اپنے حکومتی اتحاد میں اختلافات موجود ہیں جو حل طلب ہیں۔ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات اب تک ناکام رہے ہیں اور ہر سال طالبان کی جانب سے موسمِ گرما میں کی جانے والی پر تشدد کارروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ملکی معاشیات میں گراوٹ بھی ایک اہم پہلو ہے۔ ایک طرف ایران اور پاکستان سے افغان مہاجرین کی بڑے پیمانے پر ملک واپسی اور دوسری جانب افغانستان کے اندر نقل مکانی کرنے والے افراد کی بڑی تعداد سے وہاں کی سماجی واقتصادی صورتِ حال پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔‘‘

Abschiebung abgelehnter Asylbewerber nach Afghanistan
فلپ شوئیر کا کہنا ہے کہ مشکل اور کشیدہ صورتِ حال کے باوجود واپس لوٹنے والے تارکینِ وطن کے لیے اُن کے ملک میں مواقع موجود ہیںتصویر: Reuters/R. Orlowski

شوئیر کے مطابق وہ تمام افغان افراد ’پناہ گزین‘ کے زمرے میں آتے ہیں جو سوویت تسلط سے لے کر اس کے بعد بھی وہاں ہونے والی خانہ جنگی کے باعث ہزاروں کی تعداد میں ملک چھوڑ کر پاکستان، ایران اور مغرب کی طرف ہجرت کر گئے۔ ان میں خواتین، بچے، سابق ملیشیا گروپوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور سیاستدان بھی شامل ہیں۔

سکیورٹی مشیر کا کہنا تھا اب ترکِ وطن کرنے والوں کی بڑی تعداد نوجوان مردوں پر مشتمل ہے جس کی بنیادی وجہ بے روزگاری اور بد امنی ہے۔ اس سوال کے جواب میں کہ جرمنی سے واپس بھیجے جانے والے افغان مہاجرین کو وطن واپسی پر کیا مواقع ملنے کا امکان ہے، شوئیر نے کہا، ’’ مشکل اور کشیدہ صورتِ حال کے باوجود واپس لوٹنے والے تارکینِ وطن کے لیے اُن کے ملک میں مواقع موجود ہیں۔ بین الاقوامی سرمایہ کاری نے ملک کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور بیرو کریسی اور وزارتوں کو مستحکم کیا ہے۔ اس کے علاوہ قومی اداروں اور عالمی ڈونرز کی جانب سے ایسے پیشہ ورانہ پروگرام شروع کیے گئے ہیں جو  مالی طور پر مستحکم ہونے اور اپنی قابلیت بڑھانے کے موقع فراہم کر تے ہیں۔‘‘

شوئیر کا کہنا تھا کہ ملک میں مقامی تجارت اور برآمدات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے اور معیشت کی مد میں سرمایہ کاری بھی کی جارہی ہے تاہم یہ امکانات اسی صورت میں برقرار رہ سکتے ہیں جب افغانستان میں سیاسی عدم استحکام کا سد ِ باب کیا جائے۔