1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: سینما میں گھسنے والا مسلح شخص پولیس کے ہاتھوں ہلاک

23 جون 2016

آج جرمن پولیس نے فرینکفرٹ کے نزدیک ایک چھوٹے سے قصبے کے سینما گھر میں گھس کر فائرنگ کرنے والے ایک مسلح نقاب پوش شخص کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے ہلاک کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

https://p.dw.com/p/1JC8L
Deutschland Viernheim Kino Geiselnahme
فیئرن ہائم کا سینما کمپلیکس ’کینو پولِس‘تصویر: Reuters/R. Banser

پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ اس واقعے کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ واقعہ جرمن شہر فرینکفرٹ کے نزدیک ایک چھوٹے سے قصبے فِیئرن ہائم میں پیش آیا۔

جرمن میڈیا کی جانب سے یہ خبریں منظر عام پر آنا شروع ہو گئی تھیں کہ اس حملہ آور نے ایک سینما کمپلیکس میں گھُس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے تھے۔ شروع میں جرمن میڈیا اس شخص کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی تعداد بیس اور پچاس کے درمیان بتا رہا تھا۔

تازہ خبروں کے مطابق اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ حملہ آور نے خود کو سینما کمپلیکس کے اندر مورچہ بند کر لیا تھا اور متعدد افراد کو یرغمال بنا لیا تھا تاہم پولیس کے ایلیٹ دستے موقع پر پہنچ گئے تھے اور اُنہوں نے کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف تمام یرغمالیوں کو خیریت کے ساتھ بازیاب کرا لیا بلکہ حملہ آور شخص کو ہلاک بھی کر دیا۔ پولیس کی کارروائی کے دوران کم از کم پچیس افراد کے آنسو گیس سے متاثر ہونے کی خبروں کی بھی بعد ازاں تردید کر دی گئی۔

Deutschland Viernheim Kino Geiselnahme
پولیس کی یرغمالیوں کو بازیاب کروانے کی کارروائی تین گھنٹے جاری رہیتصویر: picture-alliance/dpa/B. Roessler

پولیس کے ترجمان بیرنڈ ہوخ شٹیٹلر نے بتایا کہ اس نقاب پوش شخص نے جمعرات کو قبل از دوپہر فِیئرن ہائم کے ’کینوپولِس‘ نامی سینما کمپلیکس میں گھُس کر غالباً فائرنگ کی تھی تاہم تین ہی گھنٹے کے بعد اُسے ہلاک کر دیا گیا۔

جرمن صوبے ہیسے کے وزیر داخلہ پیٹر بوئتھ نے بتایا: ’’ہمارا خیال ہے کہ کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور جو لوگ حملہ آور کے ساتھ سینما کے اندر تھے، اُنہیں خیریت کے ساتھ رہا کروا لیا گیا ہے۔‘‘ بوئتھ کے مطابق حملہ آور غالباً ذہنی خلل کا شکار تھا اور غالباً اُس نے چار گولیاں چلائیں۔ تاحال حملہ آور کی شناخت یا اُس کے محرکات کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔