1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں انڈے گندے ہو گئے

عابد حسین
4 اگست 2017

ہالینڈ سے جرمن مارکیٹوں میں فروخت کیے جانے والے انڈوں میں مضر کیمیکل مواد کے ذرات پائے گئے ہیں۔ جرمنی کی کئی سپر مارکیٹوں نے ایسے انڈوں کو گوداموں میں منتقل کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2hhFH
Niederlande Eier-Produktion Code NL
تصویر: Imago/Hollandse Hoogte

جرمنی میں مضر صحت انڈوں کے معاملے میں تحفظات سامنے آئے ہیں۔ ملک  میں سستی اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والے بڑے سلسلے آلڈی نے اپنے چار ہزار سے زائد اسٹورز پر سے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے تمام انڈے واپس گوداموں میں منتقل کر دیے ہیں۔

اس کی وجہ بیلجیم اور ہالینڈ سے جرمنی میں لائے جانے والے انڈوں میں ایک کیڑے مار دوا میں شامل زہریلے کیمیکل کی موجودگی ہے۔

 

اطالوی انڈہ امریکا بھیجتے ہوئے گرفتار

مضر صحت فارمنگ طریقے، برلن میں مظاہرہ

جرمنی: مضر صحت انڈوں کی ہالینڈ کو سپلائی

اس بحران نے عارضی طور پر صارفین کو پریشان کر دیا ہے۔ تفتیشی ماہرین کا خیال ہے کہ انڈوں کے اندر کیڑے مار دوا کے ذرات کی منتقلی مرغیوں کے رہنے والے شیڈ کی صفائی سے ممکن ہے۔ ان شیڈوں کے اندر پیدا ہونے والے چھوٹے چھوٹے کیڑوں کو مارنے کے لیے جو اسپرے استعمال کیا جاتا ہے، اُس میں فیپرونل موجود ہوتا ہے جس کی انتہائی قلیل مقدار خوراک میں شامل ہو گئی۔ یہ خوراک بعد میں مرغیوں نے کھائی اور فیپرونل کی انہتائی معمولی مقدار انڈوں میں منتقل ہوئی۔

Niederlande Eier-Produktion
جرمنی میں کئی سپر مارکیٹوں نے انڈے فروخت کرنے کے بجائے انہیں گودام میں منتقل کر دیا ہےتصویر: Getty Images/AFP/V. Jannink

انڈوں سے پیدا ہونے والی بحرانی کیفیت سے یورپی یونین بھی علیحدہ نہیں رہ سکی۔ ابھی کل تین اگست کو یورپی کمیشن نے صارفین کو یقینی دہانی کرائی ہے کہ ہالینڈ سے مہیا کیے جانے والے وہ انڈے مارکیٹ سے واپس اٹھا لیے گئے ہیں، جن میں انسانی جسم کو نقصان پہنچانے والا ایک کیمیکل فیپرونِل پایا گیا تھا۔ کمیشن نے مزید کہا کہ اب پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔

ہالینڈ کی جانب سے بدھ دو اگست کو ایک انتباہ جاری کیا گیا تھا کہ ایسے انڈے مت خریدے جائیں، جن پر ایک مخصوص مہر لگ ہوئی ہے۔ یہ مضر انڈے ہالینڈ کے اٹھائیس اور جرمنی کے ایک پولٹری فارم پر پراسیس کیے گئے تھے۔ ڈچ حکام نے 180 پراسیسنگ فارمز کو بند کر دیا ہے اور ان کے انڈوں کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

ہالینڈ کی پولٹری فارمز کی تنظیم نے بھی اعلان کیا ہے کہ اُن کے ملک کے انڈوں میں مضر کیمیکل موجود نہیں ہے۔