1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے کم از کم قابلیت

امتیاز احمد30 اپریل 2013

اگر آپ جرمنی میں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس کم از کم انٹرمیڈیٹ ( FA یا FSc) کا سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے یعنی آپ کی کم از کم تعلیم بارہ سال ہونی چاہیے۔

https://p.dw.com/p/18Pg7
تصویر: Fotolia

پاکستان کے کسی بھی تعلیمی ادارے یا یونیورسٹی (حکومت سے منظور شدہ) سے بیچلر یا ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے کے بعد آپ براہ راست جرمن یونیورسٹیوں کے انگلش یا جرمن کورسز میں ایڈمشن لینے کے اہل ہو جاتے ہیں لیکن ایف اے یا ایف ایس سی کے بعد آپ براہ راست یونیورسٹی میں اپلائی نہیں کر سکتے بلکہ اس کے لیے پہلے آپ کو کسی کالج میں داخلہ لینا پڑتا ہے۔

ایف اے، ایف ایس سی یا اس کے مساوی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ایڈمشن کے لیے کہاں اپلائی کیا جائے؟

ایف اے یا ایف ایس سی کے بعد آپ براہ راست یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے اہل نہیں ہوتے کیونکہ یونیورسٹی میں براہ راست داخلہ لینے کے لیے آپ کی کم از کم تعلیم تیرہ سال ہونی چاہیے۔ پاکستان کی بارہ سالہ تعلیم کے بعد آپ کو جرمنی میں پہلے کسی کالج (Studienkolleg) میں داخلہ لینا پڑتا ہے۔ عمومی طور پر یہ کالج، جسے جرمن زبان میں ’شٹوڈین کولیگ‘ (Studienkolleg) کہتے ہیں، یونیورسٹی کا ہی حصہ ہوتا ہے۔ اپنی سابقہ تعلیم کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ کسی بھی کالج میں بیالوجی، سائنس، آرٹس یا معاشیات کے مضامین میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ کالج میں آپ کو دو سمسٹر یعنی ایک سال تک تعلیم حاصل کرنا ہوتی ہے۔ ایک سالہ تعلیم کے بعد سالانہ امتحان لیا جاتا ہے، جسے جرمن زبان میں ’فیسٹ شٹیلنگ پروفنگ‘ (Feststellungsprüfung) کہتے ہیں۔ یہ امتحان پاس کرنے کے بعد آپ جرمنی کی کسی بھی یونیورسٹی میں داخلے کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔

اہم نوٹ: یاد رہے کہ جرمن یونیورسٹیوں کے بر عکس کالج میں تعلیم صرف جرمن زبان میں دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کو ایڈمشن اور ویزہ اپلائی کرنے سے پہلے پاکستان کے کسی ادارے سے جرمن زبان کی ابتدائی تعلیم حاصل کرنا ہو گی۔ جرمنی آنے کے بعد اور کالج میں باقاعدہ تعلیم کے آغاز سے پہلے آپ کو جرمن زبان کا ٹیسٹ دینا پڑتا ہے، جسے پاس کرنے کے بعد ہی آپ کالج کی کلاسوں میں بیٹھ سکتے ہیں۔ اگر آپ پہلی مرتبہ اس ٹیسٹ میں فیل ہو جاتے ہیں تو آپ کو یہ امتحان پاس کرنے کے لیے مزید دو مواقع دیے جاتے ہیں۔ اس طرح جرمن زبان کا ٹیسٹ پاس کرنے کے لیے آپ کے پاس ایک سال کا عرصہ ہوتا ہے۔

جرمنی میں کن کالجوں(Studienkollegs) میں اور کیسے ایڈمشن لیا جا سکتا ہے، اس بارے میں آپ اس ویب سائٹ سے تفصیلی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ ویب سائٹ جرمن اور انگلش دونوں زبانوں میں ہے۔

بیچلر اور ماسٹرز ڈگری ہولڈرز مزید اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے کہاں اپلائی کریں؟

پاکستان سے بیچلر یا ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے کے بعد آپ جرمنی کی کسی بھی یونیورسٹی میں براہ راست داخلہ لے سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں بہتر یہ ہے کہ آپ انگلش میڈیم کورسز میں ایڈمشن لیں۔

اگر آپ کسی جرمن یونیورسٹی میں بیچلر ڈگری کے لیے داخلہ لینا چاہتے ہیں تو آپ کی کم از کم تعلیم تیرہ سال ہونی چاہیے۔ دوسرے لفظوں میں آپ کے پاس اے لیول یا میٹرک کے بعد تین سالہ ڈپلومہ یا پھر دو سالہ بیچلر ڈگری کا ہونا لازمی ہے۔

یونیورسٹی ڈگریوں کا جائزہ

بیچلر ڈگری (B.A., B.Sc., Bachelor of Engineering, or similar): اگر آپ کے پاس ہائر ایجوکیشن انٹرینس کوالیفیکیشن (تیرہ سالہ تعلیم) ہے تو بیچلر ڈگری کے لیے داخلہ لینا آپ کے لیے بہترین ہو گا۔ یہ جرمنی میں کروائی جانے والی پہلی تعلیمی ڈگری ہے، جسے بین الاقوامی تعلیمی مارکیٹ میں تسلیم کیا جاتا ہے۔ 6 تا 8 سمسٹرز پر مشتمل اس ڈگری میں طالب علموں کو کسی بھی سبجیکٹ کے متعلق بنیادی اصول سکھائے جاتے ہیں۔ ایک مرتبہ بیچلر ڈگری حاصل کرنے کے بعد آپ ملازمت یا پھر ماسٹرز ڈگری کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ اپنے لیے موزوں بیچلر ڈگری تلاش کرنے کے لیے آپ ہمارا آرٹیکل ’’مطلوبہ یونیورسٹی اور کورسز تلاش کرنے کا طریقہ‘‘ پڑھیے۔ اِس آرٹیکل کے ذریعے آپ انڈر گریجویٹ کروائے جانے والے تمام اسٹڈی پروگراموں کی لسٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

ماسٹرز ڈگری (M.A., M.Sc., Master of Engineering, or similar): اگر آپ جرمنی سے بیچلر ڈگری ( یا اسی لیول کی پاکستان سے ڈگری) حاصل کر چکے ہیں تو آپ ماسٹرز ڈگری کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ جرمن یونیورسٹیوں میں یہ دوسری سطح کی ڈگری ہے، جسے آپ حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر آپ ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو آپ ملازمت کے علاوہ ہائر اکیڈمک ڈگری (ڈاکٹریٹ) کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ بیچلر ڈگری کورسز کی طرح ماسٹرز ڈگری کورسز بھی انگلش زبان میں پڑھائے جاتے ہیں اور ان میں خاص طور پر غیر ملکی طلباء کی دلچسپی کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اپنے لیے موزوں ماسٹرز ڈگری تلاش کرنے کے لیے آپ ہمارا آرٹیکل ’’مطلوبہ یونیورسٹی اور کورسز تلاش کرنے کا طریقہ‘‘ پڑھیے۔

ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) ڈگری

ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے کے بعد آپ ڈاکٹریٹ ڈگری کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ یہ ڈگری حاصل کرنے کے لیے کتنا وقت درکار ہوتا ہے، اس بات کا انحصار آپ کے ریسرچ فیلڈ پر ہوتا ہے۔ عمومی طور پر تھیسس لکھنے اور ڈگری حاصل کرنے کے لیے آپ کو دو سے تین سال تک کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔ اس موضوع سے متعلق تفصیلی معلومات کے لیے آپ ہمارا آرٹیکل ’ڈاکٹریٹ سٹڈی اور ریسرچ‘ سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

ضروری نوٹ: اگر آپ انگلش میڈیم کورس کے لیے اپلائی کر رہے ہیں تو اس کے لیے انگلش زبان کا سرٹیفیکیٹ (TOEFL, IELTS وغیرہ) کا ہونا ضروری ہے۔

اسی طرح اگر آپ جرمن میڈیم کورس کے لیے اپلائی کر رہے ہیں تو اس کے لیے آپ کے پاس جرمن زبان کا سرٹیفکیٹ (DSH, TestDaF) کا ہونا ضروری ہے۔

اگر آپ جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے مطلوبہ معیار پر پورا اترتے ہیں تو اگلا مرحلہ یونیورسٹی اور مطلوبہ کورس کی تلاش کا ہے۔ اس کے لیے ہمارا آرٹیکل ’’صحیح یونیورسٹی اور ڈگری کا انتخاب‘‘ آپ کے لیے مدد گار ثابت ہو گا۔