1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی بار ایمرجنسی نافذ

مقبول ملک10 اکتوبر 2015

جرمنی میں بہت بڑی تعداد میں مہاجرین اور تارکین وطن کی آمد کے باعث پیدا ہونے والے بحرانی حالات کے تناظر میں دوسری عالمی جنگ کے بعد سے اب تک پہلی بار ملک کے کسی حصے میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Gm2t
Deutschland Erstregistrierungsstelle für Flüchtlinge in Passau
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Weigel

جرمن کے مالیاتی مرکز اور وفاقی صوبے ہیسے کے سب سے بڑے شہر فرینکفرٹ سے ہفتہ دس اکتوبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق اس ایمرجنسی کا نفاذ فرینکفرٹ شہر سے مغرب کی طرف واقع کاؤنٹی مائن ٹاؤنُس Main-Taunus میں مقامی حکومت نے کیا ہے۔

مائن ٹاؤنُس کی علاقائی انتطامیہ نے یہ فیصلہ اس بات کے پیش نظر کیا ہے کہ پیر بارہ اکتوبر کے روز مہاجرین اور پناہ کے متلاشی افراد کے طور پر م‍زید ایک ہزار غیر ملکی اس کاؤنٹی میں پہنچ جائیں گے۔ یہ غیر ملکی اس سال اب تک جرمنی پہنچنے والے ان لاکھوں غیر ملکیوں کا حصہ ہیں، جن کی ملک کے مختلف حصوں میں تقسیم کا کام ایک وفاقی محکمہ کرتا ہے۔

مائن ٹاؤنُس کاؤنٹی کے اعلیٰ حکام کے مطابق ایمرجنسی کے نفاذ کا غیر معمولی فیصلہ اس لیے کیا گیا کہ مہاجرین کی آمد کے بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جا سکیں۔

ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد مثال کے طور پر بلدیاتی سطح پر نافذ عوامی تعمیرات اور دیگر شعبوں سے متعلق معمول کے قوانین پر عمل درآمد معطل کر دیا گیا ہے، تاکہ مہاجرین کی آمد کے بعد غیر معمولی اقدامات کرتے ہوئے ان کے لیے فوری طور پر رہائش گاہیں تعمیر کرنے کے علاوہ انہیں دیگر سہولیات بھی مہیا کی جا سکیں۔

مائن ٹاؤنُس کی علاقائی حکومت کی جاری کردہ ایک بیان کے مطابق 1945ء میں دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے بعد سے گزشتہ سات عشروں سے بھی زائد عرصے میں یہ پہلا موقع ہے کہ جرمنی کے کسی حصے میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔

یورپ کو گزشتہ کئی مہینوں سے مہاجرین کے جس شدید بحران کا سامنا ہے، اس کا نتیجہ جرمنی میں بھی لاکھوں تارکین وطن کی آمد کی صورت میں نکلا ہے۔ اس سال کے دوران اب تک محتاط اندازوں کے مطابق بھی چھ لاکھ مہاجرین اور تارکین وطن جرمنی پہنچ چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق شام، عراق، افریقہ اور افغانستان سے ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں