1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’جرمنی میں محبت ‘ انضمام کا راستہ

عاطف بلوچ14 مارچ 2016

جرمنی پہنچنے والے زیادہ تر مہاجرین کی کوشش موت اور جنگ سے فرار ہونا تھی جبکہ کچھ غربت سے چھٹکارہ بھی چاہتے تھے۔ شائد ہی کوئی ہو جو محبت میں گرفتار ہونے جرمنی پہنچا ہو۔

https://p.dw.com/p/1ICpp
Deutschland Liebesgeschichte zwischen deutscher Frau und irakischem Flüchtling
لینا کا خیال ہے کہ ہر مہاجر کی ایک جرمن گرل فرینڈ ہونا چاہیےتصویر: privat

اگر جرمن معاشرے میں بھرپور طریقے سے انضمام کرنا ہے تو کچھ مہاجرین کو جرمنی میں محبت میں گرفتار ہونا پڑے گا تاہم یہ کوئی آسان کام نہیں ہے۔ عراق سے ہجرت کرنے والا اٹھائیس سالہ علی جب گزشتہ برس جب میونخ سے برلن کے ریلوے اسٹیشن پر پہنچا تھا تو وہ بہت تھکا ہوا تھا۔ اس کے ساتھ بہت سے دیگر مہاجرین اور تارکین وطن بھی تھے۔ وہیں اسٹیشن پر خواتین کا ایک چھوٹا سا گروہ ان مہاجرین کو خوش آمدید کہنے وہاں موجود تھا۔

تیس سالہ جرمن خاتون لِینا بھی اس گروہ کا حصہ تھی۔ یہ جمعے کی رات تھی۔ لِینا کی دوست نے علی اور دیگر دو عراقی مہاجرین کو ویک اینڈ پر رہنے کی جگہ فراہم کی تھی۔ ان مہاجرین کو برلن کے ایک مہاجر کیمپ میں منتقل کیا جانا تھا لیکن انتظامی وجوہات کی بنا پر پیر تک وہاں مہاجرین کو رہائش فراہم کرنا مشکل تھا۔

جب علی اور اس کے ساتھی لینا کی دوست کے ہمراہ جانے لگے تو لِینا نے علی کو کاغذ کے ٹکڑے پر اپنا موبائل فون نمبر لکھ کر دیا۔ لِینا نے علی کو کہا کہ اگر اسے کسی مدد کی ضرورت ہو تو وہ جب چاہے، اسے فون کر لے۔

Deutschland Liebesgeschichte zwischen deutscher Frau und irakischem Flüchtling
لینا اور علی فرضی نام ہیں، سیکورٹی وجوہات پر ان کے حقیقی نام ظاہر نہیں کیے گئے ہیںتصویر: privat

لِینا برلن کی فری یونیورسٹی سے سیاسیات میں ڈاکٹریٹ کی طالبہ ہے۔ اس کی خوش مزاجی نے علی کو متاثر کیا اور اگلے ہی دن علی نے لِینا کو شکریہ کا میسج کر دیا۔ لِینا نے بھی انگریزی زبان میں علی کو جواب روانہ کیا۔ یوں دونوں کے مابین پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ وہ ملنے لگے اور ان میں ایک انجانے تعلق نے جنم لے لیا۔

بغداد سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی انجنیئر علی کو دیگر مہاجرین کے ساتھ برلن کے LaGeSo مہاجر کیمپ میں منتقل کیا گیا تھا۔ لِینا دوستوں کے ہمراہ اکثر ہی اس کیمپ میں جاتی اور اس کی علی سے بھی ملاقات ہو جاتی۔ خواتین رضا کاروں کا یہ گروپ جرمنی پہنچنے والے مہاجرین کی مدد کرتا رہا تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایک دن علی نے لِینا کو جواب میں میسج کیا کہ وہ بہت مصروف ہے اور اس نے نہیں مل سکتا۔ اس پر لِینا بہت مایوس ہوئی اور اس نے سوچا کہ کہیں وہ علی کو تنگ تو نہیں کر رہی۔ اگلے ہی دن علی نے اسے میسج کر دیا کہ وہ اسے یاد کرتا رہا۔ تب انہیں اندازہ ہوا کہ وہ دونوں محبت میں گرفتار ہو چکے ہیں۔

لِینا کے بقول جب اس نے اعتراف کیا کہ وہ علی سے محبت کرنے لگی ہے تو اس کی دوستوں نے اس سمجھایا کہ ایک مسلمان اور مختلف معاشرے سے تعلق رکھنے والے شخص کے ساتھ زندگی گزارنا مشکل ہو سکتا ہے، ’’دوستوں نے مجھے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ شائد علی جرمنی رہنے کی خاطر یہ سب کچھ کر رہا ہے‘‘۔

علی اگرچہ انتہائی مشکلات اور خطرناک سفر سے گزر کر جرمنی پہنچا تھا لیکن وہ مغربی طرز زندگی کے تحت محبت کرنے سے گھبراتا تھا۔ اس نے لِینا پر واضح کر دیا کہ وہ شادی سے قبل کوئی جنسی تعلق پیدا نہیں کر سکتا کیونکہ اس کی تربیت ایسے معاشرے میں ہوئی ہے، جہاں یہ ممکن نہیں ہے۔

علی لِینا کے گھر والوں سے بھی مل چکا ہے۔ لِینا کے والدین نے بھی علی کو پسند کر لیا ہے۔ انہیں احساس ہو چکا ہے کہ یہ دونوں واقعی طور پر ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔ علی بغداد میں موجود اپنے والد سے بھی مسلسل رابطے میں ہے۔ تاہم اس نے ابھی تک اپنے والد سے لِینا کے بارے میں کوئی بات نہیں کی ہے۔ علی کا کہنا ہے کہ شادی سے پہلے ہی وہ اپنے والد کو سب کچھ بتا دے گا اور سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔

Deutschland Liebesgeschichte zwischen deutscher Frau und irakischem Flüchtling
لینیا نے کاغذ کے ٹکڑے پر اپنا موبائل فون نمبر لکھ کر علی کو دیا تھاتصویر: privat

علی ایسے مفروضوں کو مسترد کرتا ہے کہ جرمن خواتین ’پاکباز‘ نہیں ہوتیں کیونکہ وہ شادی سے پہلے بھی جنسی تعلق قائم کر سکتی ہیں۔ وہ کہتا ہے کہ اہم بات یہ ہے کہ وہ لِینا کو جانتا ہے اور اس پر بھروسہ کر سکتا ہے۔ علی دن میں ایک سوفٹ ویئر کمپنی میں کام کرتا ہے جبکہ شام کو وہ انسٹی ٹیوٹ میں جرمن زبان سکیھتا ہے۔

لِینا کا خیال ہے کہ ہر مہاجر کی ایک جرمن گرل فرینڈ ہونا چاہیے، ’’میں ایک خوشحال گھرانے سے تعلق رکھتی ہوں۔ میرے والد سرجن ہیں اور والدہ ڈاکٹر۔ ہمارا میامی میں بھی ایک گھر ہے۔ میں کچھ عرصہ نیوزی لینڈ بھی رہ چکی ہوں۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اس طرح محبت میں گرفتار ہو جاؤں گی۔‘‘