1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں کارنیوال کے جلوس

19 فروری 2007

دریائے رائین کے کنارے آباد کولون، بون، ڈسل ڈورف، کوبلینس اور مائنس سمیت درجنوں جرمن شہروں میں پیر کے دن کارنیوال کے تہوار کی تقریبات اپنے نقطہ عروج پر پہنچ گئیں اور بے شمار چھوٹے بڑے قصبوں تک میں بھی Rose Monday یا گلابی پیر کے رنگا رنگ جلوس نکالے گئے۔

https://p.dw.com/p/DYHd
کولون میں کارنیوال جلوس کا ایک منظر
کولون میں کارنیوال جلوس کا ایک منظرتصویر: AP

امسالہ کارنیوال کا جرمنی میں سب سے بڑا جلوس اس مرتبہ بھی کولون میں نکالا گیاجو اس تاریخی شہر کے اندرونی حصے میں مختلف لیکن پہلے سے مقررہ راستوں سے گذرتا ہوا ساڑھے چھ کلومیٹر کا سفرطے کرنے کے بعد اپنے اختتام کو پہنچا۔

کولون کے کارنیوال جلوس میں، جو دنیا بھر میں کارنیوال کے بہت بڑے جلوسوں میں شمار کیا جاتا ہے، 99 فلوٹس، 124 بینڈز اورقریب دس ہزار افراد نے حصہ لیا جبکہ شروع سے آخر تک اسے دیکھنے والے ملکی اور غیر ملکی شائقین کی تعداد 1.5 ملین کے قریب رہی۔

جرمنی میں کارنیوال کے ان سینکڑوں جلوسوں میں شامل لاکھوں لوگوں نے رنگا رنگ لباس پہن کر، طرح طرح کے بہروپ بنا کر اور ایک دوسرے پر مٹھائیاں اور چاکلیٹ نچھاور کرکے خوشیاں منائیں۔ ان جلوسوں میں شرکاء نے سیاستدانوں اور مشہور شخصیات کو اپنے کارٹونوں اور طنز ومزاح کا موضوع بنایا جبکہ عوام کی آواز کے طور پر بہت سے غیر سیاسی اور سماجی موضوعات پر پلے کارڈز بھی بڑی تعداد میں دیکھنے میں آئے۔