1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

جرمنی کا فرینکفرٹ ہان ایئر پورٹ دیوالیہ ہو گیا

19 اکتوبر 2021

جرمنی میں فرینکفرٹ ہان کے ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے ایک مقامی عدالت میں دیوالیہ پن کی درخواست جمع کرا دی ہے۔ دیوالیہ ہو جانے کی درخواست جمع کرانے کی تصدیق اس ایئر پورٹ کے آپریشنز مینیجر نے کی۔

https://p.dw.com/p/41ryH
Deutschland 2018 | Flughafen Frankfurt Hahn Airport HHN Terminal
فرینکفرٹ ہان ہوائی اڈے کا آپریشن ایک چینی کمپنی کی نگرانی میں تھاتصویر: picture-alliance/dpa/M. Mainka

ایئر پورٹ کے آپریشنز مینیجر کرسٹوف گوئٹس مان نے منگل انیس اکتوبر کو نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ دیوالیہ پن کی درخواست باڈ کروئسناخ کی مقامی ضلعی عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔

عدالت نے اس ہوائی اڈے کے انتظامی اور مالی امور کی جانچ پڑتال اور آئندہ نگرانی کے لیے فرینکفرٹ کے ایک ماہر قانون ژان مارکوس پلاتھنر کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کر دیا ہے۔

انتظامی کمپنی کے مالی مسائل

وفاقی جرمن صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں واقع اس ایئر پورٹ کے بیاسی فیصد سے زائد ملکیتی حصص ایک بڑی چینی کمپنی ایچ این اے کے پاس ہیں۔ اس کمپنی کا صدر دفتر بھی چین کے شہر شنگھائی میں ہے۔

Frankfurt Hahn Flughafen Schild
فرینکفرٹ ہان فرینکفرٹ ایئر پورٹ سے مختلف ایک بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/Th. Frey

چینی کمپنی ایچ این اے نے اس ہوائی اڈے کے 82.5 فیصد حصص سن 2017 میں تقریباﹰ پندرہ ملین یورو کے عوض خریدے تھے۔ باقی ماندہ 17.5 فیصد شیئرز کا مالک وفاقی جرمن صوبہ ہیسے ہے۔ بعض حلقوں کے مطابق فرینکفرٹ ہان ایئر پورٹ کے دیوالیہ ہو جانے کی سب سے بڑی وجہ اس کے اکثریتی حصص کی مالک چینی کمپنی ایچ این اے کو درپیش شدید مالی مسائل اور ممکنہ بے ضابطگیوں کے تناظر میں اس کمپنی کے مقامی دفتر کے اعلیٰ انتظامی اہلکاروں کی گرفتاریاں بنیں۔

فرینکفرٹ ہان ایک بین الاقوامی ہوائی اڈہ

جرمن صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ کے علاقے لوئٹزن ہاؤزن میں واقع یہ ایک انٹرنیشنل ایئر پورٹ ہے۔ اس ہوائی اڈے پر زیادہ تر بجٹ ایئر لائنز کے مسافر بردار طیارے اترتے ہیں۔ ان میں خاص طور پر راین ایئر نمایاں ہے، جو ایک غیر جرمن یورپی فضائی کمپنی ہے۔

Die schlimmsten Airports der Welt (Bildergalerie) Frankfurt Hahn
فرینکفرٹ ہان ایئر پورٹ کا مسافر لاؤنجتصویر: picture-alliance/dpa/T. Frey

اس ہوائی اڈے کو سن 2019 میں ڈیڑھ لاکھ ٹن سے زائد وزنی کارگو کی ایئر ٹرانسپورٹ کے لیے بھی استعمال کیا گیا تھا۔ یہ ایک غیر منافع بخش ہوائی اڈہ قرار دیا گیا تھا۔ یورپی کمیشن کی ہدایت پر سن 2017 سے لے کر سال رواں تک اس ایئر پورٹ کی وجہ سے جرمن صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ کو پچیس ملین یورو سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا تھا۔

فرینکفرٹ ہان فرینکفرٹ ایئر پورٹ سے مختلف

فرینکفرٹ ہان کا ہوائی اڈہ جرمنی کے مالیاتی مرکز اور صوبے ہیسے کے شہر فرینکفرٹ کے نواح میں واقع فرینکفرٹ کے اس مشہور بین الاقوامی ایئر پورٹ سے مختلف ہے، جس کا شمار یورپ کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں ہوتا ہے۔

Flughafen Frankfurt-Hahn Archivbild 2013
فرینکفرٹ ہان پر سستی یا بجٹ ایئر لائن کی پروازیں اڑان بھرتی تھیںتصویر: picture-alliance/dpa/T. Frey

فرینکفرٹ ہان کا موجودہ ایئر پورٹ سرد جنگ کے دور میں ہان ایئر بیس کہلاتا تھا اور اس وقت کے مغربی جرمن ریاست میں وفاقی محکمہ دفاع کی نگرانی میں کام کرتے ہوئے اسے صف اول جرمن کا جنگی ہوائی اڈہ قرار دیا جاتا تھا۔ تب اس ایئر بیس کو بڑی تعداد میں امریکی جنگی طیارے بھی استعمال کرتے تھے۔

ع ح/ م م (ڈی پی اے)