1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل میں

11 مارچ 2010

جرمنی نے فیورٹ انگلش ٹیم کو ہاکی ورلڈ کپ 2010ء کے سیمی فائنل میں ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی ہے۔ جرمن ٹیم گزشتہ دو ورلڈ کپ ٹورنامنٹ جیت چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/MQXL
تصویر: AP

نئی دہلی کے دھیان چند سٹیڈیم میں جرمن ہاکی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مداحوں کے دل جیت لئے۔ توقعات کے برخلاف جرمنی نے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ کو ایک یکطرفہ مقابلے میں مات دے دی۔ جرمنی کی طرف سے کھیل کے چھٹے ہی منٹ میں یان مارکو مونٹاگ نے پینلٹی کارنر کے ذریعے گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ پہلے گول کے محض پانچ ہی منٹ بعد اولیور کورن نے فیلڈ گول سکور کر کے انگلش ٹیم کے حوصلے مزید پست کر دئے۔

BdT Hockey - Deutschland gegen England
انگلینڈ نے ہالینڈ میں کھیلی گئی یورپی چیمپیئن شپ کے فائنل میں جرمن ٹیم کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا تھاتصویر: AP

انگلینڈ کے رچرڈ سمتھ نے پینلٹی کارنر کے ذریعے ایک گول کر کے مقابلے کو دلچسپ بنانے کی کوشش تو کی تاہم جرمنی کے مارٹن ہائنر کے ارادے کچھ اور ہی تھے۔ ہائنر نے ہاف ٹائم سے تھوڑی ہی دیر پہلے انگلش ٹیم کے خلاف تیسرا گول سکور کیا۔ میچ ختم ہونے سے محض نو منٹ پہلے جرمن کھلاڑی لینُس بُٹ نے اپنی ٹیم کے لئے ایک اور گول سکور کر کے انگلینڈ ٹیم کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف شاندار جیت سے جرمنی نے یورپی چیمپیئن شپ 2009 کے فائنل کا بدلہ بھی لے لیا۔ انگلینڈ نے ہالینڈ میں کھیلی گئی یورپی چیمپیئن شپ کے فائنل میں جرمن ٹیم کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا تھا۔

Neu Delhi Hockey Weltcup
نئی دہلی منعقدہ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں باہر ہوگئی ہیںتصویر: UNI

جرمن ہاکی ٹیم سن 2002 ء اور 2006ء میں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ جیت چکی ہے اور اب اس مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں کامیابی حاصل کر کے اپنے عالمی کپ ٹائٹلز کی ہیٹ ٹرک مکمل کر سکتی ہے۔ اس سے پہلے ابھی تک صرف سن 1978 اور 1982ء میں پاکستان کی ہاکی ٹیم نے مسلسل دو عالمی کپ ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کر کے ریکارڈ قائم کیا تھا۔ لیکن نئی دہلی منعقدہ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کو آخری یعنی بارہویں پوزیشن نصیب ہوئی ہے، جو کہ اس کی اب تک کی خراب ترین کارکردگی ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں کل بارہ ٹیمیں شریک ہیں، جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہیرو ہونڈا ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں جرمنی، ارجنٹائن، کینیڈا،جنوبی کوریا، ہالینڈ اور نیوزی لینڈ پول ’اے‘ میں تھیں جبکہ بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، اسپین، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ہاکی ٹیموں کو پول ’بی‘ میں رکھا گیا تھا۔

کون بنے گا عالمی چیمپیئن؟ جرمنی پچھلے دو ٹائٹل جیت چکا ہے لیکن آسٹریلوی ٹیم بھی زبردست فارم میں دکھائی دیتی ہے۔ نئی دہلی کے دھیان چند اسٹیڈیم کے وکٹری سٹینڈ پر بالآخر کس ٹیم کے سر پر چیمپیئن شپ کا تاج سجے گا، یہ بتانا ابھی قبل از وقت ہوگا!

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں