1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن حکمران اتحاد کے صدارتی امیدوار: کرسٹیان وولف

4 جون 2010

جرمنی میں صدر ہورسٹ کوہلر کے اچانک مستعفی ہونے کے بعد، جو سیاسی خلاء پیدا ہوا تھا، اب وہ پُر ہونے کے قریب ہے۔ اہم جرمن سیاسی جماعتوں نے تیس جون کے صدارتی الیکشن کے لئے اپنے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NhSU
تصویر: AP

چانسلر انگیلا میرکل اور اُن کی حلیف جماعتوں نے لوئر سیکسنی صوبے کے وزیر اعلیٰ کرسٹیان وولف کو صدارتی الیکشن میں اپنا مشترکہ امیدوار نامزد کیا ہے۔ وولف کے نام پر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت سی ڈی یو سمیت ان کی حلیف جماعتوں سی ایس یو اور ایف ڈی پی بھی متفق ہیں۔

جرمن صوبے لوئر سیکسنی کے وزیر اعلیٰ کرسٹیان وولف، کرسچیئن ڈیموکریٹک پارٹی (سی ڈی یو) میں چانسلر انگیلا میرکل کے بعد پارٹی کے نائب لیڈر ہے۔ کیتھولک عقیدے کے حامل وولف، اوسنابروک یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں اور پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں۔ وہ سن 1975ء سے کرسچیئن ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن چلے آ رہے ہیں۔ ان کے صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی کے بعد چانسلر میرکل کی حلیف جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی (ایف ڈی پی) کے لیڈر اور موجودہ وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے نے بھی ان کی شخصیت کی تعریف کی ہے۔

NO FLASH Christian Wulff CDU Bundespräsident
کرسٹیان وولف جرمن صوبے لوئر سیکسنی کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیںتصویر: picture alliance/dpa

اس اعلان سے قبل جرمن سیاسی حلقے اندازہ لگائے ہوئے تھے کہ اس منصب کے لئے خاتون امیدوار بھی نامزد کی جا سکتی ہیں اور اس کے لئے ماہرین کی نگاہیں میرکل کی وزیر محنت و سماجی بہبود اُرسُلا فان ڈیئر لاین کی طرف تھیں۔ اسی طرح کچھ اور حلقوں کا خیال تھا کہ جرمن صدر کے منصب کے لئے ایوان زیریں یا بنڈس ٹاگ کے صدر نوربرٹ لامیرٹ بھی نامزد کئے جاسکتے ہیں، تاہم چانسلر میرکل نے ایک نئے نام کو بطور صدارتی امیدوار سامنے لا کرسیاسی مبصرین کو قدرے حیران کردیا ہے۔

Bundespräsident Norbert Lammert eröffnet Sitzung der Bundesversammlung zur Wahl des Bundespräsidenten
جوآخم گاؤکتصویر: AP

کرسٹیان وولف کے مقابلے پراپوزیشن کی بڑی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے بھی اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کردیا ہے۔ سوشل ڈیموکریٹس کے امیدوار جوآخم گاؤک ہیں جنہیں گرین پارٹی کی بھی حمایت حاصل ہے۔ ستر سالہ گاؤک، منقسم جرمن دور میں کمیونسٹ جرمن حصے سے منحرف ہو کر مغربی جرمنی آ گئے تھے۔ وہ کمیونسٹ جرمنی کی اسٹیٹ سیکیورٹی کے محفوظ کئے جانے والے ریکارڈ کے فیڈرل کمیشنر بھی رہ چکے ہیں۔ یورپ میں ان کا نام انسانی حقوق اور جمہوری و سیاسی سرگرمیوں کے تناظر میں معتبرانداز میں لیا جاتا ہے۔

تیس جون کو ہونے والے انتخابات میں صوبائی اور مرکزی پارلیمان کے 1244 اراکین ووٹنگ میں شریک ہوں گے۔ اس تعداد میں حکمران اتحاد کے پاس یقینی 645 ووٹ ہیں۔ صوبائی اور مرکزی پارلیمنٹ کے اس مشترکہ اجلاس کو جرمن دستوری اصطلاح میں فیڈرل کنوینشن کہا جاتا ہے، جرمن زبان میں اس کے لئے Bundesversammlung استعمال ہوتا ہے۔ اس کنوینشن کو صرف اسی وقت طلب کیا جاتا ہے جب صدر کا چناؤ کرنا مقصود ہو۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت : عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں