1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن حکومت سونے کے نصف ذخائر ملک میں واپس لے آئی

عابد حسین
23 اگست 2017

جرمنی کے قومی بینک نے بتایا ہے کہ اُس نے ملک کے سونے کے کُل ذخائر کا نصف واپس ملک میں منتقل کر دیا ہے۔ یہ ذخائر دوسری عالمی جنگ کے بعد شروع ہونے والی سرد جنگ کے دوران مختلف ملکوں میں منتقل کیے گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/2iico
Goldbarren
تصویر: picture-alliance/dpa/Ulrich Baumgarten

جرمنی کے مرکزی بینک بنڈس بینک نے بتایا ہے کہ ملک کے سونے کے کُل ذخائر کا نصف بیرونی ممالک کے مختلف لاکرز سے واپس لانے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔

بینک نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ سونے کی منتقلی کا یہ عمل مقررہ وقت سے تین برس قبل ہی مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ منتقلی ابتدائی پلان کے تحت سن 2020 میں مکمل کی جانا تھی۔

سینکڑوں ٹن سونا امریکا سے واپس جرمنی پہنچ گیا

جرمن سونا واپس ملکی مرکزی بینک میں

سونے کی بیرون ملک لاکرز میں ذخیرہ کرنے کے حوالے سے بتایا گیا کہ ان کو سرد جنگ کے دوران منتقل کیا گیا تھا کیونکہ اُس وقت کی جرمن حکومت کو خوف لاحق تھا کہ سابقہ سوویت یونین کی فوج کشی کے بعد اس سونے کو قبضے کی صورت میں لُوٹا جا سکتا تھا۔

اُس وقت کے مغربی جرمنی کی حکومت نے اپنے سونے کے ذخائر کو لندن، نیویارک اور پیرس کے مختلف لاکرز میں رکھوا دیا تھا۔ یہ امر اہم ہے سونے کی بھاری مقدار کو ذخیرہ کرنے کے لیے یہی تینوں شہر یعنی لندن، نیویارک اور پیرس میں قائم انتہائی سکیورٹی کے لاکرز کو اہم خیال کیا جاتا ہے۔

Deutschland BdT Krügerrand-Münze bei der Degussa in Frankfurt am Main
تصویر: picture-alliance/dpa/B. Roessler

جرمنی کے مرکزی بینک کے مطابق جرمن سونے کے ذخائر کا کُل حجم 3378 ٹن ہے۔ اس کا نصف یعنی 1689 ٹن واپس جرمنی منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس سونے کی منتقلی کا باضابطہ اعلان سن 2013 میں کیا گیا تھا۔  بیرونِ ملک رکھے گئے سونے کی واپس ملک میں لانے کے لیے بعض سیاسی حلقے گاہے بگاہے آواز بلند کرتے چلے آ رہے تھے۔

جرمنی کا بقیہ نصف یا 1689 ٹن سونا ابھی بھی نیویارک اور لندن کے لاکرز میں رکھا ہوا ہے۔ اس میں 36.6 فیصد سونا نیویارک میں ذخیرہ کیا گیا ہے اور 12.8 فیصد کے قریب لندن میں رکھا ہوا ہے۔