1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فٹ بال کپ: بائرن میونخ کی چھٹی

ڈوئچے ویلے اردو5 مارچ 2009

دفاعی چیمپئین بائرن میونخ ٹیم جرمن فُٹ بال کپ سے باہر ہوگئی ہے۔ بائر لیورکوزن نے کوارٹر فائنلز میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد بائرن میونخ کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر فٹ بال کے شائقین کو حیران کردیا۔

https://p.dw.com/p/H69y
کوارٹر فائنل میں شکست نے بائیرن میونخ کو جرمن کپ سے محروم کر دیاتصویر: picture-alliance/ dpa

جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے دارالحکومت ڈؤسیلڈارف کے LTU Arena میں کھیلا گیا یہ میچ سنسنی سے پُر رہا۔ پہلے ہالف میں اگرچہ کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تاہم دوسرے ہالف میں لیورکوزن کی ٹیم نے یکے بعد دیگرے تین گول داغے اور بائرن میونخ کے مداحوں کو مایوس کردیا۔ لیورکوزن کی طرف سے یہ گول بارنیٹا، ودال اور ہیلمز نے اسکور کئے۔ بائرن میونخ نے میچ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی۔

کلوزے اور میروسلاؤ نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایک گول اسکور کرکے مجموعی اسکور کو تین۔ دو کردیا لیکن کھیل کے آخری سولہ منٹوں میں مشہور کوچ یورگن کلنزمان کی ٹیم اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود تیسرا گول کرنے میں ناکام رہی۔ بعد ازاں میچ کے آخری لمحات میں لیوکوزن کی ٹیم نے ایک اور گول کرکے میچ چار۔دو سے اپنے نام کرلیا۔

DFB Pokal Leverkusen München
کھیل کے دوسرے ہاف میں بائیرن میونخ نے گول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کیتصویر: picture-alliance/ dpa

شکست کے بعد بائرن میونخ کے کوچ کلنزمان نے کہا:’’بدقسمتی سے اب ہمیں کپ کے بارے میں سب کچھ بھولنا ہوگا۔ جو ہوا، سو ہوا۔ کھلاڑیوں پر غصّہ کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔‘‘ ہار کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کوچ نے مزید کہا:’’میچ کے ایک گھنٹے کےدوران کچھ کمی تھی اور اب ہمیں اس شکست کو ہضم کرنا ہوگا، اس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں۔‘‘

فاتح ٹیم لیورکوزن کی ٹیم کے کوچ برونو لابادیا نے کہا:’’ہم نے یہ میچ اپنی محنت سے جیتا۔ ہماری ٹیم میں نوجوان کھلاڑی ہیں جو پُرجوش ہیں۔ سب نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور یہ جیت ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں کے لئے بہت معنی رکھتی ہے کیوں کہ اس فتح کے لئے بھرپور جدوجہد کی گئی۔‘‘

دوسرے مقابلوں میں بریمین کی ٹیم نے ووٴلفز برگ کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے جبکہ ہیمبرگ نے دوسری ڈویژن کی ٹیم ایس وی ویہن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرادیا۔ اس طرح بریمن اور ہیمبرگ کی ٹیموں نے اگلے اسٹیج کے لئے کوالیفئی کرلیا۔