1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن قومی فٹ بال لیگ: ہفتے کے میچ

29 اگست 2009

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈیس لیگا کے سنسنی خیز میچ جاری ہیں۔ اُنتیس اگست ہفتے کے روز کھیلے جانے والے چھ میچوں کے بعد بائر لیور کوزن کی ٹیم پہلے نمبر پر جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/JLML
اب تک سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی سٹیفان کیسلنگتصویر: AP

بائر لیورکوزن نے موجودہ سیزن میں اُس وقت تیسری کامیابی حاصل کی، جب اُس نےبوخم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیتے ہوئے ٹیبل میں سب سے اوپر اپنی پوزیشن مزید مستحکم بنا لی۔ چار میچوں کے بعد اِس ٹیم کے دَس پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ اِس ٹیم کی اب تک کی کامیابیوں کا سہرا اِس کے کھلاڑی سٹیفان کیسلنگ کے سر ہے، جو اب تک کے سیزن میں انفرادی طور پر چار گول کرتے ہوئے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کے طور پر سرِ فہرست جا رہے ہیں۔

Fußball Bundesliga Carlos Eduardo
ہوفن ہائیم اور ہینووور کے درمیان میچ کا منظرتصویر: picture-alliance/ dpa

واضح رہے کہ سٹیفان کیسلنگ وہی کھلاڑی ہیں، جنہیں جرمنی کی قومی ٹیم کے کوچ ژوآخم لوئیو نے نہ تو آئندہ ہفتے کے روز کھیلے جانے والے اُس دوستانہ میچ کے لئے منتخب کیا ہے، جو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا جائے گا اور نہ ہی سٹیفان کیسلنگ نو ستمبر کو منعقدہ اُس میچ میں جرمنی کی طرف سے کھیلیں گے، جو ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ کے طور پر آذربائیجان کے خلاف کھیلا جائے گا۔

ہفتے کے روز کے دیگر میچوں میں شالکے کو فرائی بُرگ کے ہاتھوں ایک صفر شسے شکست اٹھانا پڑی جبکہ شٹٹ گارٹ اور نورنمبرگ کا میچ صفر صفر سے برابر رہا۔ ہوفن ہائیم کو موجودہ سیزن میں پہلی کامیابی ملی، جب اُس نے ہینووور کو ایک صفر سے ہرا دیا۔ بورُسیا ڈورٹ مُنڈ اور فرینکفرٹ کا میچ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا۔

دن کا آخری میچ بائرن میونخ اور وولفس بُرگ کے درمیان کھیلا گیا، جو بائرن میونخ نے صفر کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔ اس طرح بائرن میونخ کی ٹیم کو موجودہ سیزن کے دوران پہلی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس میچ کو دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم میں انہتر ہزار پرجوش تماشائی موجود تھے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل