1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن لیبر مارکیٹ میں مسلسل بہتری کا رجحان

4 نومبر 2011

یورو زون کو درپیش مالی بحران کے باوجود یورپی یونین کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک جرمنی میں یورو زون کی کئی دیگر ریاستوں کے مقابلے میں روزگار کی منڈی میں مسلسل بہتری کا عمل ابھی تک جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/135BS
تصویر: picture-alliance/dpa

ایک طرف اگر یونان اور اٹلی جیسے ملکوں کو ریاستی قرضوں کے شدید بوجھ کا سامنا ہے تو دوسری طرف جرمنی، جو یورپی یونین کی سب سے بڑی معیشت بھی ہے، فرانس کے ساتھ مل کر یورو زون کے بحران زدہ ملکوں کی مدد میں بھی سب سے آگے ہے۔

Ausbildung Jugendliche Migrationshintergrund Migranten Integration
تصویر: picture alliance/dpa

82 ملین سے زائد آبادی والا جرمنی یورپی یونین کی قومی سطح پر روزگار کی سب سے بڑی منڈی ہے۔ اس منڈی میں بہتری اور بے روزگار کارکنوں کی تعداد میں کمی کا عمل پچھلے دو سال سے بھی زیادہ عرصے سے جاری ہے، جس میں کوئی وقفہ نہیں آیا۔ یہ بات بڑی خوش کُن ہے کیونکہ یونان، اٹلی اور اسپین جیسے ملکوں میں توبے روزگاری کے نئے ریکارڈ دیکھنے میں آ رہے ہیں۔

یورو زون کے بحران نے یورپی یونین اور جی ٹوئنٹی کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ پوری عالمی معیشت کو بھی پریشان کر رکھا ہے۔ لیکن جرمن معیشت اتنی مضبوط ہے کہ جرمنی دوسرے ملکوں کی مدد بھی کر رہا ہے اور اس کی اپنی لیبر مارکیٹ بھی مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔

جرمن ادارہ برائے روزگار نے نیورمبرگ میں اکتوبر کے مہینے کے لیے جو تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں، ان کے مطابق بے روزگاری کی شرح مزید کم ہو کر اب صرف 6.5 فیصد رہ گئی ہے۔ جن جرمن کارکنوں کے پاس کوئی روزگار نہیں، ان کی موجودہ تعداد 27 لاکھ 37 ہزار کے قریب ہے۔ ستمبر کے مقابلے میں یہ تعداد تقریباﹰ 60 ہزار کم ہے۔

Symbolbild Frank Jürgen Weise Rede in Moschee
وفاقی ادارہ برائے روزگار کے سربراہ وائزےتصویر: picture-alliance/ dpa / Fotomontage: DW

ستمبر میں ملک میں بے روزگاری کی شرح 6.6 فیصد تھی، جس میں اکتوبر میں 0.1 فیصد کی مزید کمی دیکھی گئی۔ سالانہ بنیادوں پر دیکھا جائے تو پچھلے سال اکتوبر میں جتنے جرمن باشندے بے روزگار تھے، اس سال اکتوبر تک ان کی تعداد میں دو لاکھ سے بھی زیادہ کی کمی ہو چکی تھی۔

فیڈرل لیبر ایجنسی کے سربراہ فرانک ژُرگن وائزے کے مطابق جرمن مارکیٹ کی صورت حال پر کسی کو تشویش نہیں ہونی چاہیے۔ ان کے بقول ہر سال کرسمس کا تہوار، داخلی سطح پر اضافی پیداوار اور بہت زیادہ شاپنگ کے باعث جرمن معیشت میں چند مہینوں کے لیے گرم بازاری کا سبب بنتا ہے۔ لہٰذا یہ بات یقینی ہے کہ اس سال کے آخری دو مہینوں میں بھی روزگار کی جرمن منڈی میں مزید بہتری آئے گی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں