1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن وزیرِخارجہ فرانک والٹراشٹائن مائر چانسلرکے عہدے کے امیدوار

کشور مصطفیٰ18 اکتوبر 2008

وفاقی جرمن حکومت میں شامل دوسری بڑی جماعت اس پی ڈی نے آج برلن میں آئندہ پارلیمانی انتخابات کے لئے وزیر خارجہ فرانک والٹراشٹائن مائر کو چانسلر کے عہدے کےلیے رسمی طور پر نامزد کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Fcdy
جرمن وزیرِ خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائرتصویر: picture-alliance/ dpa

اس کے ساتھ ہی اس اجلاس میں شریک پانچ سو پچیس سوشل ڈیموکریٹس نے فرانس منُٹے فیرنگ کو پارٹی چئیرمین منتخب کرنے پر اتفاق رائے کا اظہار بھی کیا۔ اس پی ڈی کے لیڈر اور چانسلر کے عہدے کے امیدوار فرانک والٹر اشٹائن مائر نے برلن منعقدہ اجلاس کے دوران ایک بیان میں فاخرانہ انداز میں کہا کہ ان کی جماعت اس پی ڈی ایک بار پھر سیاسی بساط پر اپنی’فارم‘ میں آگئی ہے۔

اشائن مائر کے بقول سن دو ہزار آٹھ مالیاتی بحران کے سبب تاریخ کی کتابوں میں علیحدہ سے درج کیا جائے گا۔ یہ بیانات سوشل ڈیمو کریٹ لیڈر اور موجودہ جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے اس پی ڈی کے سابق چانسلر Helmut Schmidt اور Gerhard Schröder کی برلن منعقدہ اس پی ڈی پارٹی کانگریس کے خصوصی اجلاس میں موجودگی میں ان کے سامنے دئے۔

Deutschland Berlin Kabinettssitzung Angela Merkel und Frank-Walter Steinmeier
دائیں سے بائیں جانب آنے کے لیے تیّار: وزیرِ خارجہ اشٹائن مائر جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھتصویر: AP


انہوں نے کہا کہ چند حلقوں نے یہ سمجھ لیا تھا کہ اس پی ڈی اب کبھی اہم سیاسی کردار ادا نہیں کر پائے گی تاہم اس نے اپنے اندرونی اختلافات دور کر لئے ہیں اور اب سوشل ڈیموکریٹس خود اعتمادی کے ساتھ خود کو سیاسی طور پر مضبوط محسوس کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ چھ ہفتوں قبل اس پی ڈی کے سربراہ کرٹ بیک نے پارٹی کے اندرونی اختلافات اورعدم اعتماد کی فضا کو وجہ بتاتے ہوئے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد سے جرمن سیاسی حلقوں میں اس پی ڈی کی گرتی ہوئی ساکھ پر تشویش کا اظہار کیا جانے لگا۔

فرانک والٹراشٹائن مائر نے اپنی پارٹی کے اراکین سے مطالبہ کیا کہ وہ سب مل کراس وقت کو اس پی ڈی کے لئے نئی کامیابیوں اور شہرت کا باعث بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ سال کے انتخابات میں چانسلر کا عہدہ حاصل کرکے ملکی سیاست اوراقتصادیات کو موثر بنانے اورانہیں صحیح سمت چلانے کی تمام تر کوششیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جرمنی میں ہر کوئی یہ محسوس کر رہا ہے کہ یہ ملک ایک نئے عہد ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔

Der Schriftzug der Hypo Real Estate Bank
جرمن مالیاتی اداروں کو بچانےکے لیے حکومتی امدادی پیکج جرمن عوام میں میرکل حکومت کے لیے ناراضگی بھی پیدا کرسکتا ہےتصویر: AP


اشٹائن مائر نے کہا کہ عالمی مالیاتی منڈی میں ایک انتہا پسند نظریے کے غلبے کا دور مارگریٹ تھیچر اور رونلڈ ریگن سے شروع ہوا تاہم یہ ایک زوردار گرج کے ساتھ اختتام کو پہنچ گیا ہے، تاہم مالیاتی شعبے کے لئے کسی بہتر نظام کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ یہ وقت ایک جامع اور نئے آغاز کا متقاضی ہے۔ اشٹائن مائر نے جرمن معاشرے کے اندر نئے اصولوں اور ضوابط کو باہمی طور پر وضح کرنے کے عمل پر زور دیا ہے۔