1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن وزیر خارجہ نے اپنے ذمے برطانوی ہم منصب کا ’قرض‘ چکا دیا

1 جولائی 2021

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اپنے ذمے واجب الادا بیئر کی بوتلوں کے ایک کریٹ کی صورت میں برطانوی ہم منصب ڈومینیک راب کا ’قرض‘ چکا دیا ہے۔ ماس جرمنی اور انگلینڈ کے فٹ بال میچ پر راب کے ساتھ لگائی گئی شرط ہار گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/3vthZ
جرمنی کی ایک سپر مارکیٹ کے مشروبات والے حصے میں دستیاب بیئر کی مختلف قسمیںتصویر: imago stock&people

وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ان دنوں جاری یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کے یورو 2020 کہلانے والے ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں ایک میچ حال ہی میں جرمنی اور انگلینڈ کے مابین کھیلا گیا تھا۔

اس میچ کے بارے میں جرمن وزیر خارجہ ماس اور ان کے برطانوی ہم منصب کے مابین بیئر کی بوتلوں کے ایک کریٹ کی شرط لگ گئی تھی۔ ہائیکو ماس ظاہر ہے جرمنی کی جیت کے خواہش مند تھے اور انہیں یقین تھا تھا کہ جرمنی انگلینڈ کو ہرا دے گا۔ اس کے برعکس ڈومینیک راب کو یقین تھا کہ جرمنی کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ہاری ہوئی شرطیں آپ کی 'عزت پر قرض‘ ہوتی ہیں

منگل انتیس جون کو لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں کھلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے جرمنی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا تھا اور یوں جرمنی یورو 2020 سے باہر ہو گیا تھا۔

وبا سے یورپی فٹ بال کلبوں کو اربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا

اس شکست کی وجہ سے ہائیکو ماس برطانوی وزیر خارجہ کے ساتھ لگائی گئی شرط بھی ہار گئے تھے۔ کل بدھ کے روز انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا تھا، ''ہاری ہوئی شرطیں آپ کی عزت پر ایسا قرض ہوتی ہیں، جو جلد از جلد اتار دیا جانا چاہیے۔‘‘

EURO 2020 | Deutschland vs England | Raab und Maas in Matera
ہائیکو ماس اور ڈومینیک راب کی جرمنی اور انگلینڈ کے فٹ بال میچ سے قبل اٹلی میں جی سیون کے ایک وزارتی اجلاس سے پہلے اتاری گئی تصویرتصویر: Janine Schmitz/photothek/imago images

يورو فٹ بال چيمپئن شپ: کورونا کے دور ميں کون بنے گا چيمپئن؟

اپنی اس ٹویٹ میں جرمن وزیر خارجہ نے ڈومینیک راب اور انگلش ٹیم  کو جرمنی کے خلاف ان کی فتح پر مبارک باد بھی پیش کی۔ شرط لگانے سے قبل ان دونوں وزرائے خارجہ نے انگلش اور جرمن فٹ بال ٹیموں کے کھلاڑیوں کی سرکاری ڈیزائن والی شرٹس ہاتھوں میں پکڑ کر اپنی تصویریں بھی اتروائی تھیں۔

بیئر کا کریٹ برطانوی سفیر کے حوالے

جرمن انگلش فٹ بال میچ کے بارے میں لگائی گئی یہ شرط ہارنے کے بعد ہائیکو ماس نے اپنے ذمے داجب الادا 'قرض‘ اتارنے میں دیر نہ کی۔ برلن میں برطانوی سفارت خانے کی طرف سے جمعرات یکم  جولائی کے روز بتایا گیا کہ ماس نے آج ایک کریٹ بیئر برلن میں برطانوی خاتون سفیر جِل گیلارڈ کے حوالے کر دی۔

اس مناسبت سے ہائیکو ماس کا یہ بیان بھی بہت دلچسپ قرار دیا جا رہا ہے، ''میرے اور میرے برطانوی ہم منصب ڈومینیک راب کے مابین تقریباﹰ تمام بین الاقوامی معاملات میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ لیکن بات اگر فٹ بال کی ہو، تو ایسا بالکل نہیں ہے۔‘‘

م م / ک م (ڈی پی اے، ٹوئٹر)