1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن چانسلر میرکل کے لیے جواہر لعل نہرو ایوارڈ

10 مئی 2011

بھارتی حکومت نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو عالمی سطح پر پائیدار ترقی اور غیر جانبدارانہ سوچ کے فروغ کے لیے سال 2009ء کے جواہر لعل نہرو ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11CjU
تصویر: dapd

بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے پیر کے روز جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق نائب صدر محمد حامد انصاری نے ایوارڈ کی جیوری کی صدرات کی۔ اس انعام کے ساتھ دس ملین بھارتی روپے کی نقد رقم بھی شامل ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو رواں ماہ کے اختتام پر اُس وقت اس انعام سے نوازا جائے گا ، جب وہ بھارت کا دورہ کریں گی۔

57 سالہ انگیلا میرکل کو اس معتبر ایوارڈ سے نوازتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کے لیے خصوصی دلچسپی لی اور وہاں مسائل کے حل کے لیے غیر جانبدارانہ اور منصفانہ کوششوں کی بنیاد رکھی۔

اس سے قبل یہ انعام جنوبی افریقہ کےسابق صدر نیلسن منڈیلا، اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل یُوتھانٹ، سماجی کارکن مدر ٹریسا، امریکی شہری حقوق کے لیے رہنما مارٹن لوتھر کنگ، سابق جرمن چانسلر ہیلموٹ کوہل اور میانمار کی جمہوریت نواز رہنما آنگ سان سوچی بھی شامل ہیں۔

Helmut Kohl auf der Frankfurter Buchmesse 2010 FLASH-Galerie
سابق جرمن چانسلر ہیلموٹ کوہل کو بھی جواہر لعل نہرو ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہےتصویر: AP

جواہر لعل نہرو ایوارڈ کی منتظم کمیٹی کے مطابق جرمن حکمران اتحاد میں شامل سیاسی جماعت سی ڈی یو سے تعلق رکھنے والی انگیلا میرکل عالمی سطح پر اچھے طرز حکمرانی اور ترقی پذیر ممالک کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے بھرپور واقفیت رکھتی ہیں۔

انگیلا میرکل 17 جولائی 1954ء کو جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے والد ہارسٹ کاسنر ماہر الٰہیات تھے اور ان کی والدہ لاطینی اور انگریزی زبان کی ٹیچر تھیں۔ سابق جرمن ڈیموکریٹک ریپبلک جی ڈی آر کے دور میں جرمنی کے مشرقی حصے میں پروان چڑھنے والی انگیلا میرکل 2005ء میں پہلی مرتبہ چانسلر کے عہدے پر فائز ہوئی تھیں۔

انگیلا میرکل 30 دسمبر 1998 سے کیمسٹری کے پروفیسر یوآخم زاؤر کی اہلیہ ہیں۔ پروفیسر یوآخم کی یہ دوسری شادی ہے۔ میرکل کی کوئی اپنی اولاد نہیں تاہم ان کے شوہر کی پہلی شادی سے دو بیٹے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں