1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن کپ: دفاعی چیمپیئن بریمن کا مقبالہ بائرن میونخ سے

25 مارچ 2010

جرمنی میں فٹ بال کے دوسرے اہم ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مکمل ہو گئے ہیں۔ دوسرے سیمی فائنل میں بائرن میونخ اور پہلے میں بریمن کی ٹیم کامیاب رہی۔

https://p.dw.com/p/MaQy
تصویر: AP

ناک آؤٹ کی بنیاد پر کھیلا جانے والا اہم فٹبال ٹورنامنٹ جرمن کپ اب اپنی منزل کے مزید قریب ہو گیا ہے۔ اُس کا ایک سیمی فائنل منگل 23 مارچ کو کھیلا گیا، جبکہ بدھ کے روز کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں حریف ٹیمیں تھیں: شالکے اور بائرن میونخ۔ اِس میچ کا شائقین کو انتظار تھا اور ایک زور دار مقابلے کے بعد شالکے کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گول اضافی وقت میں ہوا۔ یہ سیمی فائنل گیلزن کرشن شہرمیں کھیلا گیا۔ گیلزن کرشن ہی سیمی فائنل کی ایک ٹیم شالکے کلب کا شہر ہے۔

Fußball DFB Pokal Werder Bremen - FC Augsburg
بریمن نے مدمقابل آؤگس برگ کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔تصویر: AP

جرمن کپ کے پہلے سیمی فائنل کا مقام بریمن کا ہوم گراؤنڈ تھا اور اُس کے اپنے واسر سٹیڈیم میں یہ میچ کھیلا گیا۔ اِس میچ میں بریمن کی ٹیم نے مدمقابل آؤگس برگ کی ٹیم کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ گول کرنے کے کئی قیمتی مواقع بھی ضائع کئے گئے لیکن اس کے باوجود بریمن کے کھلاڑی دو گول کرنے میں کامیاب رہے۔ آؤگس برگ کے گول کیپر معیاری کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور دونوں گول ان کی غلطی سے ہوئے۔ بریمن کی جانب سے پہلا گول مڈ فیلڈر مارکو مورین نے کیا جبکہ دوسرا گول ٹورسٹس فرنگز نے کیا۔

بریمن کی ٹیم جرمن کپ کے فائنل میں دسویں مرتبہ پہنچی ہے۔ وہ گزشتہ نو فائنل میچوں میں چھ مرتبہ کامیاب رہی۔ پندرہ مئی کو فیصلہ ہو گا کہ قسمت کی دیوی بریمن پر ساتویں مرتبہ مہربان ہوتی ہے کہ نہیں۔ اُس نے گزشتہ سال لیور کوزن کو ہرا کر کپ کا فائنل جیتا تھا۔ بائرن میونخ کی ٹیم سولہ مرتبہ جرمن کپ کے فائنل پہنچی اور چودہ مرتبہ کامیاب رہی۔

رپورٹ : عابد حسین

ادارت : افسر اعوان