1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جعفر ایکسپریس پر بم حملہ، چھ مسافر ہلاک

7 اکتوبر 2016

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ٹرین بم دھماکے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس واقعے میں انیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2QzjA
Europa Eisenbahnverkehrsleitsystem
تصویر: cc/by-sa-Halász István

اس واقعے کے فوری بعد دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمان کی عمارت کے باہر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا تھا،’’ اس حملے میں تین معصوم جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ یہ ایک بم دھماکا تھا۔‘‘ اس دوران مزید تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہیں۔ مقامی ذرائع بتا رہے ہیں کہ یہ واقعہ مچھ اور آب گم  کے درمیان پیش آیا، جو کوئٹہ سے پینسٹھ کلومیٹر جنوب مشرق کی جانب واقع ہے۔ ریلوے کے اہلکار طفیل احمد کے مطابق مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے راولپنڈی جا رہی تھی اور جمعے کی علی الصبح اسے نشانہ بنایا گیا۔ ان  کے بقول زخمیوں کو قریبی ہسپتال لے جایا گیا ہے اور ان میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔

کچھ ذرائع مرنے والوں کی تعداد چار بھی بتا رہے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دہشت گردوں نے پٹری کے ساتھ دھماکا خیز مواد نصب کیا ہوا تھا۔ اس سے قبل بھی جعفر ایکسپریس کو کئی مرتبہ نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ سرکاری اعلان کے مطابق اس واقعے کے بعد کوئٹہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطّل کر دی گئی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق دو مختلف بم دھماکے ہوئے، جس کی زد میں آکر ٹرین کی دو بوگیاں تباہ ہو گئیں۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ پہلے دھماکے کے بعد جب ٹرین رک گئی اور لوگ مدد کے لیے جمع ہوئے تو اسی دوران دوسرا دھماکا ہوا۔ ابھی تک کسی بھی تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم اس سے قبل ٹرینوں،  بنیادی ڈھانچوں اور سرکاری املاک پر کیے جانے والے حملوں میں بلوچ علیحدگی پسند ملوث رہے ہیں۔