1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’جعفر پناہی چھ سال کے لئے پابند سلاسل‘

21 دسمبر 2010

کئی بین الاقوامی اعزازات جیتنے والے مشہور ایرانی ہدایت کار جعفر پناہی کو ایک ایرانی عدالت نے چھ سال قید اور 20 سال تک ایران سے باہر نہ جانے کی سزا سنا دی ہے۔

https://p.dw.com/p/Qh42
تصویر: picture-alliance/abaca

پناہی پر الزام ہے کہ وہ ایران کے ’اسلامی‘ نظام کے خلاف ہے اور اس سلسلے میں وہ جھوٹے پروپگینڈے کے مرتکب ہوئے ہیں۔ جعفر پناہی کا شمار اصلاح پسند سابق صدارتی امیدوار میر حسین موسوی کے حامیوں میں ہوتا ہے۔ انہیں رواں سال مارچ میں اہل خانہ سمیت گرفتار کرکے زیر حراست رکھا گیا، جس دوران وہ بھوک ہڑتال پرچلے گئے تھے۔ بعد میں ان کی بیوی اور بیٹی کو رہا کرکے پناہی کو تہران کی ایوین جیل میں رکھا گیا۔

ایرانی خبر رساں ادارے اثنا نے پناہی کی وکیل فریدہ کے حوالے سے بتایا کہ ان کے مؤکل پر فلم بنانے اور ملکی و غیر ملکی میڈیا سے بات چیت کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جعفر پناہی کو رواں سال برلن اور وینس کے فلمی میلوں میں شرکت بھی نہیں کرنے دی گئی تھی۔

Berlinale 2010 Jafar Panahi
جعفر پناہی کو رواں سال برلن اور وینس کے فلمی میلوں میں شرکت بھی کرنے نہیں دی گئی تھیتصویر: DW/Picture alliance

فریدہ کا کہنا ہے کہ سزا کے خلاف اپیل کرنے کے لئے 20 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کو موصول ہونے والے پناہی کے عدالتی بیان میں اس زیر حراست ہدایت کار نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو ’مذاق‘ قرار دیا ہے۔ پناہی کا مؤقف ہے کہ ان کے ساتھ نا انصافی برتی جارہی ہے۔ ان کے ساتھ ایک اور ایرانی فلم ساز محمد رسولوف کو بھی انہی الزامات کی پاداش میں چھ سال قید سنائی گئی ہے۔ رسولوف کے وکیل نے سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

تہران حکومت کی جانب سے مسلسل مغربی ممالک پر یہ بہتان عائد کیا جاتا ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف پروپیگنڈے کو ہوا دے رہے ہیں۔ سزا پانے والے ہدایت کار جعفر پناہی کو 1995ء میں ان کی فلم The White Baloon پر کانز کے فلمی میلے میں Camera d'Or prize کا اعزاز دیا گیا تھا۔ 2000ء میں ان کی فلم The Cricleپر انہیں وینس فلمی میلے میں بہترین فلم کاGolden lion اعزاز دیا گیا۔ 2006ء میں Off Side پر انہیں برلن کے فلمی میلے میں سلور بیئر دیا گیا۔

تصویر و تحریر سے پناہی کا لگاؤ خاصا پرانا ہے۔11جولائی 1960ء کو پیدا ہونے والے جعفر پناہی نے عراق، ایران جنگ میں حصہ بھی لیا اور اس دوران ایک دستاویزی فلم بھی بنا ڈالی۔ تہران میں سینما اور ٹیلی ویژن کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں ملکی ٹیلی ویژن کے لئے بھی متعدد فلمیں بنائیں۔ ان کی پہلی فیچر فلم 1995ء کی The White Balloon ہے جبکہ اب تک سب سے زیادہ پسند کی گئی فلم 2000ء کی The Circle ہے، جس میں ایرانی حکومت کے خواتین کے ساتھ برتاؤ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں