1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جعلی پاسپورٹ کا استعمال ، یورپی یونین کی شدید مذمت

23 فروری 2010

یورپی یونین نے حماس کے سرکردہ رہنما کے قتل کی واردات میں رکن ممالک کے جعلی پاسپورٹ استعمال کئے جانے پر شدید مذمت کی ہے۔ تاہم اس دوران براہ راست طور پر اسرائیل کاکوئی حوالہ نہیں دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/M8kd
تصویر: AP

پیر کے روز برسلز منعقدہ یونین کے وزرائےخارجہ کےاس اجلاس میں حماس رہنما محمود المبوح کے قتل کی بھی مذمت کی گئی۔

دبئی حکام نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اس قتل کے پیچھے اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کا ہاتھ ہے۔ دبئی پولیس کے مطابق محمود المبوح کے قتل میں ملوث اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے11 ارکان نے دبئی سفر کرنے کے لئے جرمنی، برطانیہ، آئرلینڈ اور فرانس کے پاسپورٹ استعمال کئے۔

Miguel Angel Moratinos Außenminister Spanien
اسپین کے وزیر خارجہ Miguel Angel Moratinosتصویر: AP

اسرائیل نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ اسرائیل کے وزیر خارجہ ایویگڈور لیبرمین نے اپنے دورہ برسلز کے دوران تاہم یہ ضرور کہا کہ ابھی تک کوئی ایسا ثبوت سامنے نہیں آیا جس سے معلوم ہو سکےکہ دبئی میں ہونے والے اس قتل میں اسرائیل کا کوئی کردار ہے۔

اس قتل کے بارے میں اسرائیلی کردار کو رد کرتے ہوئے لیبر من نے کہا: ’’ میرے خیال میں آپ جیمز بانڈ کی فلمیں بہت شوق سے دیکھتے ہیں۔ لیکن میں آپ کو تجویز دوں گا کہ آپ سنجیدہ فلمیں دیکھیں۔‘‘

یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد جاری کردہ ایک مختصر بیان میں اس واردات میں یورپی ممالک کے جعلی پاسپورٹ اور کریڈٹ کارڈز استعمال کئے جانے کی شدید مذمت کی گئی۔ یورپی یونین نے اس قتل کی تحقیقات پر دبئی حکام سے ہر ممکن تعاون کرنے کا یقین دلایا ہے۔ یورپی یونین کے موجودہ سربراہ ملک اسپین کے وزیر خارجہ Miguel Angel Moratinos نےکہا کہ اس قتل میں رکن ممالک کے جعلی پاسپورٹ استعمال کئے جانے پر وہ بہت زیادہ تشویش کا شکار ہیں۔

یورپی سفارت کاروں نے کہا کہ اس حوالے سے مشترکہ بیان جاری کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اسرائیل پر دباؤ بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک ایسا ثبوت نہیں ملا ہے، جس سے یہ نتیجہ اخذ کیا جائے کہ اس کارروائی میں اسرائیل ملوث ہے۔ یورپی وزرائے خارجہ نےاس معاملے پر یورپ اور اسرائیل کے تعلقات خراب ہونے کے امکانات کو بھی رد کر دیا۔

Avigdor Lieberman Beitenu Partei
اسرائیلی وزیر خارجہ ایویگڈور لیبرمینتصویر: AP

دریں اثناء غزہ پٹی میں حماس جنگجوؤں کے ترجمان سامی ابو زہری نے یورپی ممالک کی مذمت کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی مذمت کے بعد اسرائیل کو ایسے مزید جرائم کرنے کی ترغیب ملے گی۔

دوسری طرف فرانس اور جرمنی نے اس قتل کے لئے جرمنی اور فرانس کے پاسپورٹ استعمال کئے جانے پر وضاحت طلب کی ہے۔ حماس کی عسکری شاخ کے سربراہ المبوح کو دبئی میں بیس جنوری کو ایک ہوٹل میں اُس وقت قتل کردیا گیا تھا جب وہ اسلامی تنظیم کے لئے مبینہ طور پر ہتھیار خریدنے کے لئے متحدہ عرب امارات کے دورے پر تھے۔

رپورٹ عاطف بلوچ

ادارت شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں