1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جملوں میں تین مبینہ عسکریت پسند ہلاک، بھارتی فوج

Saira Shaikh9 ستمبر 2009

بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک چھڑپ میں تین مبینہ کشمیری عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

https://p.dw.com/p/JYjl
تصویر: AP

بھارتی وزارت دفاع کے ایک ترجمان لیفٹیننٹ کرنل وپلب ناتھ کے مطابق تین مبینہ عسکریت پسند منگل کو رات گئے ضلع پونچھ کے علاقے میندھر میں لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرکے داخل ہورہے تھے، جب سیکیورٹی فورسز کے ساتھ اُن کی جھڑپ ہوئی۔ اس جھڑپ میں دو عسکریت پسند رات کو ہی ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ اُن کا تیسرا ساتھی آج بدھ کی صبح کو بھارتی فورسز کا نشانہ بنا۔

Indien Kaschmir Unruhe Islamische Rebellen
بھارتی زیر انتظام جموں وکشمیر میں گزشتہ دو عشروں سے علیحدگی کی تحریک جاری ہےتصویر: AP

کرنل ناتھ کے مطابق اس جھڑپ میں بھارتی فوج کا ایک میجر بھی ہلاک ہوگیا۔ جھڑپ کے مقام سے آٹومیٹک رائفلز اور وائرلیس سیٹ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پونچھ کا ضلع جموں سے 230 کلومیٹر دور شمال مغرب میں واقع ہے۔

بھارتی وزارت دفاع نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی مبینہ خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی فوج کے مطابق ایک ہفتے قبل بھی جموں و کشمیر کی سرحد کو مبینہ طور پر پار کرنے والے پانچ اور عسکریت پسند بھی ایک جھڑپ میں مارے گئے تھے۔

نئی دہلی انتظامیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے جموں و کشمیر میں پاکستان کی طرف سے عسکریت پسندوں کو بھیجنے کی کوشش کی جارہی ہے، تاکہ سردی کے موسم میں وادی میں کارروائیاں کی جاسکیں۔ پاکستانی حکومت بھارت کے ان دعووں کی تردید کرتی رہی ہے۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: کشور مصطفٰی