1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا

24 ستمبر 2009

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں میزبان جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر دو اہم پوائنٹس حاصل کرلئے ہیں۔ گروپ بی میں جنوبی افریقہ کو سری لنکا کے ہاتھوں پہلے میچ میں عبرتناک شکست ہوئی تھی۔

https://p.dw.com/p/JoHI
تصویر: AP

جنوبی افریقہ میں جاری چیمپیئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو کھیلنے کی دعوت دی۔ سنچورین کے سپر اسپورٹ پارک میں کھیلے گئے اس میچ میں کیوی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین جنوبی افریقی پیس بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔

Neuseeland Cricket Mannschaft
نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیئل وٹوری اپن ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھتصویر: AP

اوپننگ بیٹسمین جیسی رائڈر محض آٹھ رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ ٹیم 48 ویں اوور میں 214 رنز پر آوٴٹ ہوگئی۔ کیوی ٹیم کی طرف سے راس ٹیلر نے 72، وکٹ کیپر بیٹسمین برینڈن میک کولم نے 44 اور گرینٹ ایلیٹ نے 39 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر وین پارنیل نے 57 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ پارنیل مین آف دی میچ قرار پائے۔ 215 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقی بیٹسمین اے بی ڈی ولیریز نے 70 رنز بنائے، وہ آخر تک ناٹ آوٴٹ رہے۔ ژاک کیلس نے 36 جبکہ ہاشم آملا نے 38 رنز بنائے۔

چیمپیئنز ٹرافی میں کل آٹھ ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور انگلینڈ کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔

گروپ اے میں پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہے جبکہ گروپ بی میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ، دونوں ہی ٹیموں کے پاس دو دو پوائنٹس ہیں۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: انعام حسن