1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی سوڈان اقوام متحدہ کا 193واں رکن ملک

15 جولائی 2011

عشروں کی خانہ جنگی کے بعد معرض وجود میں آنے والا نیا افریقی ملک جنوبی سوڈان اقوام متحدہ کا رکن ملک تسلیم کر لیا گیا ہے۔ جمعرات کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ووٹنگ کے بعد جنوبی سوڈان عالمی ادارےکا 193واں ملک بن گیا۔

https://p.dw.com/p/11vjC
اقوام متحدہ کے سربراہ اور جنوبی سوڈان کے نائب صدرتصویر: dapd

گزشتہ ہفتے دنیا کے نقشے پر ابھرنے والے نئے ملک جنوبی سوڈان کی اقوام متحدہ کی رکنیت پر عالمی برداری نے اسے مبارکباد کے پیغامات ارسال کیے ہیں۔ رواں برس جنوری میں ایک عوامی ریفرنڈم کے ذریعے سوڈان کے عوام نے جنوبی سوڈان کو ایک آزاد ملک بنانے کے حق میں ووٹ دیا تھا، جس کے بعد نو جولائی کو اسے پر امن طریقے سے باقاعدہ آزادی دی گئی۔

گزشتہ روز امریکی شہر نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا،’خوش آمدید جنوبی سوڈان۔ اقوام کی کمیونٹی میں خوش آمدید‘۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر Joseph Deiss نے جنوبی سوڈان کے عالمی ادارے کے نئے رکن بننے کو ایک تاریخی اور پر مسرت لمحہ قرار دیا۔ اس سے قبل 2006ء میں مونٹی نیگرو اقوام متحدہ کا 192واں رکن ملک تسلیم کیا گیا تھا۔ بدھ کے دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان کے اقوام متحدہ کا رکن ملک بننے کی متفقہ طور پر حمایت کی تھی۔

Darfur-Rebellen auf Patrouille im Süden Darfurs Flash-Galerie
سوڈان میں کئی عشروں تک جاری رہنے والے مسلح تنازعہ کے نتیجے میں دو ملین افراد ہلاک ہوئےتصویر: picture alliance/dpa

جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر جنوبی سوڈان کا پرچم لہرایا گیا۔ جنوبی سوڈان دنیا کے غریب ترین ممالک میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔ سوڈان کی خانہ جنگی کے دوران یہاں بنیادی اقتصادی ڈھانچہ تباہ ہو کر رہ گیا تھا۔ تاہم جبہ اور خرطوم حکومتوں نے اب عہد کیا ہے کہ ماضی کے تمام تنازعات کے پر امن حل کے لیے دونوں ممالک اپنی بھرپور کوششیں کریں گے تاکہ وہاں ترقی کے راستے کھل سکیں۔ جنوبی اور شمالی سوڈان کو ابھی تک کئی اہم تنازعات پر سمجھوتہ کرنا ہے۔ ان میں سرحدی تنازعات کے علاوہ قدرتی وسائل کی تقسیم کے معاملات سرفہرست ہیں۔

کئی سکیورٹی تجزیہ نگاروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان دونوں ممالک کے مابین اہم مسائل کے حل کے لیے عالمی سطح پر کوششیں نہ کی گئیں تو اس خطے میں قیام امن کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ جرمنی سمیت کئی مغربی ممالک نے جنوبی سوڈان کی ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ان دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اختلافات کو پر امن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کریں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں