1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی لبنان میں اسرائیل کی فوجی کاروائی کا دائرہ وسیع

1 اگست 2006

اسرائیل کی دفاعی کابینہ کی طرف سے جنوبی لبنان میں 30 کلو میٹر تک اندر جانے کی اجازت ملنے کے بعداسرائیلی فوج نے اپنی فوجی کاروائی کا دائرہ اور زیادہ پھیلاتے ہوئے چار مختلف مقامات پر حزب اللہ کے خلاف شدید کاروائی شروع کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/DYKW
تصویر: AP

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں 30 کلو میٹر کی حدود کے اندر اندر تمام دیہات خالی کرنے کابھی حکم دے دیا ہے۔ سرحدی علاقے میں تعینات اقوام متحدہ کی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج ظہر کے بعد سرحد کے مرکزی سیکٹر عائطہ اَش شاب میں داخل ہو گئی ہے۔اوراس کی حزب اللہ ملیشیا کے ساتھ شدید جنگ جاری ہے۔

اسرائیلی فضائیہ نے آج لبنان کے شیعہ دیہاتوں پر بم برسانے کے ساتھ ساتھ حزب اللہ کے مراکز اور بحیرہ روم کے ساحلی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ ادھر حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ کفر کلا کے علاقے میں اس کے جنگجووں اور اسرائیل کی زمینی فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے۔

اسرائیلی فوج نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ بنت جبیل کے قریب حزب اللہ کے جنگجووں کے ساتھ شدید لڑائی ہو رہی ہے۔اسرائیلی کابینہ کے ایک وزیر کا کہنا ہے کہ نہ تو اسرائیل کی فضائیہ اور نہ ہی زمینی فوج حزب اللہ کی میزائل فائر کرنے کی صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کر سکتی ہے۔