1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی لبنان میں فوجی کاروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ

9 اگست 2006

اسرائیل کی دفاعی کابینہ کے جنوبی لبنان میں فوجی کاروائیوں کا دائرہ وسیع کرنے کےفیصلہ کےبعد اب اسرائیلی فوج کو جنوبی لبنان میں 30 کلومیٹر تک اندر جانے کا جواز مل گیا ہے جس سے آئندہ چند دنوں میں وہاں کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی نظر آرہی ہے۔

https://p.dw.com/p/DYKK
تصویر: AP

جنوبی لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید لڑائی بدستور جاری ہے۔ الجزیرہ ٹیلی ویژن رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی سرحد کے قریب 11، اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

دوسری طرف اسرائیل نے جنوبی بیروت کے مضافاتی شیعہ علاقے میں گزشتہ روز کے حملے میں ہلاک ہونے والے 26، افراد کے جنازے میں شریک سینکڑوں لوگوںپر فضائی حملہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کو جنوبی لبنان میں حزب اللہ کی خاص کر اس لئے بھی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کہ اس کی طرف سے اب باہر نکل کر قریب سے لڑنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ادھر فرانس کے صدر ژاک شیراک نے آج کہا ہے کہ اگر بین الاقوامی برادری لبنان میں فوری جنگ بندی کے مطالبے کو نظرانداز کرتی ہے تو یہ ایک غیر اخلاقی فعل ہو گا۔ انہوں نے کہا صورتحال کو اسی طرح رہنے دینا اور فوری جنگ بندی کے مطالبے کو اہمیت نہ دینا اس بحران کاغیر اخلاقی ترین حل ہو گا۔

دریں اثنا اقوام متحدہ کے سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ عرب لیگ کی طرف سے اسرائیلی فوج کے فوری انخلا کے مطالبے کے بعد لبنان کے بحران پر سلامتی کونسل کی قرارداد پر فوری ووٹنگ کا امکان کم ہو گیا ہے۔

لبنانی کے وزیر اعظم فواد سینیورا Siniora نے بھی آج مشرق وسطی کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے David Welch سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ابھی تک سلامتی کونسل میں لبنان کے بحران کو ختم کرانے کے لئے قرارداد کے مسودے پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے اور ہم اب بھی اسی جگہ کھڑے ہیں۔

دوسری طرف لبنان کے سیکورٹی حکام کے مطابق حزب اللہ کی سخت مزاحمت کے باوجود اسرائیلی فوجیں جنوبی لبنان کے بعض حصوں میں آگے بڑھنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ عائطہ الشعب نامی گاﺅں میں ایک راکٹ حملے میں 4 ، اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔اسرائیلی کی دفاعی کابینہ میں اس وقت جنوبی لبنان میں اورز یادہ پیش قدمی کے امکان پر غور کیا جا رہا ہے۔