1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی کوریا میں پہلی خاتون وزیر اعظم

20 اپریل 2006

جنوبی کوریا میں پارلیمان نے 61 سالہ خاتون سیاستدان Han Myung Sook کی سربراہِ حکومت کے عہدے پر توثیق کر دی ہے۔ اِس طرح جنوبی کوریا کی تاریخ میں Han پہلی خاتون ہیں ، جووَزارتِ عظمےٰ کا قلمدان سنبھالیں گی۔

https://p.dw.com/p/DYLl


سیول میں پارلیمان کی بھاری اکثریت نے بُدھ کے روز خاتون سیاستدان Han Myung Sook کی بطور وزیرِ اعظم نامزدگی کی منظوری دے دی۔ اب تک کے وزیرِ اعظم Lee Hae Chan مارچ میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے ، جس کے بعد سربراہِ مملکت Roh Moo Hyun نے نئے وزیرِ اعظم کے طور پر Han کو نامزد کیا تھا۔

Han Myung Sook ایک زمانے میں تحریکِ نِسواں کی علمبردار رہ چکی ہیں اور جمہوریت کے لئے اپنی بھرپور کوششوں کی وجہ سے جیل بھی جا چکی ہیں۔ وہ سن 2000ء میں پہلی مرتبہ پارلیمان کی رکن بنی تھیں اور اب تک دو مرتبہ وزیر رہ چکی ہیں۔

مبصرین کا اندازہ ہے کہ Han حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تعلقات کو معتدل بنیادوں پر اُستوار کرنے کی کوشش کریں گی۔ مئی میں جنوبی کوریا میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔
ملک کی اہم ترین اپوزیشن جماعت GNP کی قیادت بھی ایک خاتون ہی کے پاس ہے اور اِس جماعت نے وَزارتِ عظمےٰ کے عہدے پر ایک خاتون کی تقرری پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

Han آج کل کے شمالی کوریائی دارالحکومت پیانگ یانگ میں 1944ء میں پیدا ہوئیں۔ 1950ء میں جنگِ کوریا شروع ہونے پر وہ اپنے خاندان کے ساتھ فرار ہو کر جنوبی کوریا پہنچ گئیں۔ Chun Doo Hwans کے آمرانہ دَورِ اقتدار میں 1979ء سے لے کر 1981ء تک وہ جمہوریت کے لئے اپنی جدوجہد کی بناءپر جیل میں بھی رہیں۔