1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوب مغربی یورپ: راکھ کے باعث پروازیں معطل

9 مئی 2010

جنوبی جرمن شہر میونخ کا ہوائی اڈہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ آسٹریا نے بھی وقتی طور پر اپنے متعدد ایئرپورٹس کی بندش کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/NJkJ
تصویر: AP

یہ فیصلہ آئس لینڈ کے آتش فشاں کے پھٹنے کے بعد پیدا ہونے والے راکھ کے بادلوں کے ان علاقوں کی فضا میں پہنچنے کے بعد کیا گیا ہے۔ اس سے قبل فرانس، اٹلی اور پرتگال کے متعدد شہروں کی ہوائی حدود کو عارضی طور پر جہازوں کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔

اتوار کے روز کئے جانے والے اس اعلان کے بعد درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اعلان میں کہا گیا ہے کہ جرمن وقت کے مطابق اتوار کے روز بعد دوپہر ایک بجے سے میونخ کی ہوائی حدود بند کر دی گئی ہیں۔ فرینکفرٹ ایئر پورٹ سے بھی جنوبی یورپ کے لئے پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس راکھ کی فضا میں موجودگی کے باعث ہفتے کے روز بھی درجنوں پروازیں تعطل اور تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔

ایک فرانسیسی اہلکار نے ایک بین الاقوامی خبر ایجنسی کو بتایا کہ ایئرپورٹس کھلے رہیں گے، تاہم ایئر ٹریفک کنٹرول آپریشنز کی انجام دہی ہوا میں راکھ کی موجودگی کے باعث ممکن نہیں ہوگی۔‘‘

Island Vulkan Asche
آئس لینڈ کا راکھ اگلتا آتش فشاںتصویر: AP

دریں اثناء اتوار کی صبح اٹلی نے بھی اسی وجہ سے ملک کی شمالی ہوائی حدود کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ اطالوی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق راکھ کے باعث اطالوی شہر میلان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ راکھ کے بادل کے حجم میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

آئس لینڈ میں 14 اپریل کو آتش فشاں نے لاوا اگلنا شروع کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اس آتش فشاں سے راکھ فضا میں خارج ہونا شروع ہوئی۔ اس راکھ کے باعث متعدد یورپی اقوام کو تقریبا ایک ہفتے تک مسلسل ہوائی سفر کی بندش کا سامنا رہا، تاہم بعد میں ایئر پورٹ کھول دئے گئے تھے۔ اب ایک مرتبہ پھر اس آتش فشاں کے باعث بننے والے راکھ کے بادل نے متعدد یورپی ملکوں کی ہوائی حدود کو متاثر کیا ہے۔ یورپ میں دوسری عالمی جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ مجموعی طور پر اب تک ایک لاکھ پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں۔ یورپی ایئر لائن انڈسٹری کے مطابق اس آتش فشاں کے پھٹنے سے اب تک مجموعی طور پر 2.5 بلین یورو کا نقصان ہو چکا ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں