1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’جنگجو بھارت میں داخل‘، گجرات اور نئی دہلی میں سکیورٹی الرٹ

عاطف بلوچ6 مارچ 2016

ایسی اطلاعات کے بعد کہ پاکستان سے دس جنگجو بھارت میں داخل ہوئے ہیں، بھارتی ریاست گجرات میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ جنگجو نئی دہلی میں داخل ہونے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1I89K
Indien Polizei in Neu Delhi ARCHIVBILD
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Sharma

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے دس جنگجو پاکستانی سرحد عبور کرتے ہوئے ضلع کچھ سے گجرات شہر میں داخل ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایسی اطلاعات کے بعد گجرات بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق کچھ جنگجو نئی دہلی میں بھی داخل ہو چکے ہیں۔

صوبائی پولیس سربراہ پی سی ٹھاکر نے اے ایف پی کو بتایا کہ خفیہ اداروں کی رپورٹوں کے مطابق یہ جنگجو بھارت میں حملوں کی منصوبہ بندی رکھتے ہیں۔ بھارتی حکام 2008ء کے ممبئی حملوں کے لیے کالعدم جنگجو تنظیم لشکر طیبہ کو ہی ذمہ دار قرار دیتی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ جنگجو نئی دہلی میں داخل ہو چکے ہیں، جس کے بعد دارالحکومت میں بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ یہ جنگجو شاپنگ مالز اور مصروف مارکیٹوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

رپورٹوں کے مطابق نئی دہلی حکومت کو پاکستان کی طرف سے سکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ یہ دہشت گرد شیو راتری فیسٹیول کے موقع پر گجرات میں حملے کر سکتے ہیں۔ ہندوؤں کا یہ تہوار پیر سات مارچ کو منایا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی نئی دہلی میں پارلیمان کا اجلاس بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے وہاں بھی سکیورٹی کو مزید سخت بنا دیا گیا ہے۔

نئی دہلی حکومت نے باقاعدہ طور پر ایسے حملوں کی اطلاع پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم گجرات اور نئی دہلی کے مصروف بازاروں، ہوٹلوں اور سنیما گھروں، ریلوے اسٹینشوں، عبادت گاہوں اور ہوائی اڈوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

گجرات کے پولیس سربراہ ٹھاکر کے مطابق ریاست بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے نیشنل سکیورٹی گارڈز کی ٹیم فعال ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھٹیوں پر گئے ہوئے اہلکاروں کو فوری طور پر ڈیوٹی سنبھالنے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں 2008ء میں سلسلہ وار بم دھماکے کیے گئے تھے، جن میں 45 افراد مارے گئے تھے۔