1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوتے سے پٹائی پر شیو سینا کا سیاستدان پابندی کی زد میں

24 مارچ 2017

اہم بھارتی ایئر لائنز نے شیو سینا سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان رویندر گائیکواڑ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بزنس کلاس میں سیٹ نہ ملنے پر انہوں نے مبینہ طور پر ایئر انڈیا کے ایک ملازم کی جوتے سے پٹائی کی تھی۔

https://p.dw.com/p/2ZuBL
Air India Airbus A319
تصویر: Getty Images/AFP/N. Seelam

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارت کی اہم ایئر لائنز نے شیو سینا سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان رویندر گائیکواڑ پر سفری پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کی وجہ حکمران اتحاد میں شامل پارٹی شیو سینا کے اس سیاستدان کا ’جارحیت پر مبنی‘ عمل بتایا گیا ہے۔ رویندر گائیکواڑ نے میڈیا سے گفتگو میں شیخی بھگارتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ’اپنی سینڈل سے پچیس مرتبہ‘ ایئر انڈیا کے اس ملازم کو مارا۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ متنازعہ ہندو رہنما ادتیاناتھ ہوں گے

مسلمان اداکار کی شرکت، ہندو انتہا پسندوں نے ڈر امہ روک دیا

بھارتی شہر ممبئی میں ہندو قوم پرستوں کی فتح

یہ واقعہ بروز جمعرات اس وقت پیش آیا، جب گائیکواڑ کو پونے سے نئی دہلی جانے کے لیے بزنس کلاس سیٹ نہ ملی۔ ایئر انڈیا کے مطابق گائیکواڑ کو پہلے ہی بتا دیا گیا تھا کہ اس جہاز میں بزنس کلاس سیٹ نہیں، کیونکہ اس جہاز میں صرف اکانومی کلاس کی سیٹیں ہی ہیں۔ تاہم گائیکواڑ نے برہم ہوتے ہوئے ایئر انڈیا کے ایک ملازم کی پٹائی کر دی۔

اس واقعے کے بعد بھارت میں فضائی کمپنیوں کی فیڈریشن FIA نے اعلان کیا کہ اب گائیکواڑ کو فضائی سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ کئی پرائیویٹ ایئر لائنز بھی اس بھارتی فیڈریشن کا حصہ ہیں، جن میں ’انڈیگو‘، ’جیٹ ایئرویز‘، ’اسپیشل جیٹ‘ اور ’گو ایئر‘ بھی شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ایئر انڈیا نے گائیکواڑ کی نئی دہلی سے پونے واپسی کی ٹکٹ بھی منسوخ کر دی ہے۔ گائیکواڑ نے آج بروز جمعہ واپس پونے پہنچنا تھا۔

Air India Flugbegleiterinnen in Training
ایئر انڈیا بھارت کی قومی ایئر لائن ہےتصویر: Getty Images/AFP/Raveendran

ایئر انڈیا نے رویندر گائیکواڑ کے خلاف پولیس کو شکایت بھی درج کرا دی ہے۔ ایف آئی اے نے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گائیکواڑ کے اس عمل کا سختی سے نوٹس لیں۔

اس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گائیکواڑ کی طرف سے ایئر انڈیا کے ایک ملازم پر حملہ دراصل ہر اس بھارتی شہری پر حملے کے مترادف ہے، جو محنت اور جانفشانی سے رزق کمانے کی کوشش میں ہے۔

بھارتی حکام نے اس واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم جاری کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کیس کی تفتیش کی خاطر ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ تاہم گائیکواڑ نے الزام عائد کر دیا ہے کہ ایئر انڈیا کی سروس ناقص ہے جب کہ اس ملازم کو اپنے غلط رویے کی وجہ سے ان سے معافی مانگنا چاہیے۔

بھارتی سیاسی جماعت شیو سینا اپنے انتہائی کٹر نظریات کی وجہ سے جانی جاتی ہے۔ اس پارٹی پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ ملک میں نسلی اور مذہبی عدم برداشت کو ہوا دیتی ہے۔