1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیکسن کیس: پولیس کا ڈاکٹر سے انٹرویو

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: افسر اعوان29 جون 2009

لاس اینجلیس ٹائمز کے مطابق پولیس نے مائیکل جیکسن کے نجی ڈاکٹر کا ایک اور انٹرویو کیا ہے جس کی روشنی میں یہ ثابت ہوتا ہے کہ ڈاکٹر کونریڈ مرے کا جیکسن کی موت میں کوئی ہاتھ نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/Icyw
مائیکل جیکسن جمعرات کے روز حرکتِ قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرگئے تھےتصویر: AP
Jermaine Jackson
مائیکل جیکسن کے بھائی جیرمین جیکسنتصویر: AP


عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار مائیکل جیکسن کے نجی ڈاکٹر کے وکیل کے مطابق اتوار کے روز لاس اینجلیس پولیس نے ڈاکٹر مرے کا ایک تفصیلی انٹرویو کیا جو تین گھنٹے تک جاری رہا۔ وکیل کے مطابق ڈاکٹر مرے جب جیکسن کے کمرے میں پہنچے تو وہ بے ہوش تھے اور سانس نہیں لے رہے تھے۔ وکیل کے مطابق اس وقت جیکسن کی نبض سست رفتار سے چل رہی تھی۔

ڈاکٹر کونریڈ مرے کے وکیل نے اس بات کی بھی تردید کی کہ انتقال سے قبل ڈاکٹر مرے نے جیکسن کو تکلیف دور کرنے کے لیے کوئی ’پین کلر‘ انجیکشن دیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ذرائع ابلاغ میں یہ خبر گردش کرتی رہی تھی کہ جمعرات کے روز مائیکل جیکسن کے انتقال سے ایک گھنٹہ قبل ان کے نجی معالج نے ان کو ’ڈیمیرول‘ نامی پین کلر انجیکشن دیا تھا۔ مائیکل جیکسن کے اہلِ خانہ نے بھی جیکسن کی موت میں ڈاکٹر مرے کے کردار کے حوالے سے سوالات اٹھائے تھے۔

Obama
امریکی صدر باراک اوباما نے جیکسن کے خاندان کے نام ایک تعزیتی پیغام تحریر کیا ہےتصویر: AP

دوسری جانب یہ اطلاعات بھی ہیں کہ مائیکل جیکسن کے خاندان والوں کے مطالبے پر جیکسن کی لاش کا ایک اور پوسٹ مارٹم کروالیا گیا ہے۔ تاہم جیکسن کی تدفین کے حوالے سے ان کے خاندان والے ابھی تک کسی حتمی تاریخ کا تعین نہیں کرسکیں ہیں۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ایک سینیئر اہلکار کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے مائیکل جیکسن کے اہلِ خانہ کے نام ایک تفصیلی تعزیتی پیغام لکھا ہے۔ قبل ازیں باراک اوباما نے مائیکل جیکسن کو ایک غیر معمولی فن کار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آنجہانی گلوکار کی زندگی کئی اعتبار سے دردناک تھی۔

عالمگیر شہرت کے حامل پاپ اسٹار مائیکل جیکسن جمعرات کے روز حرکتِ قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ انیس سو بیاسی میں ’تھرلر‘ نامی البم نے ان کو شہرت کے اس مقام تک پہنچا دیا جس کی نظیر ڈھونڈنا اب تک مشکل ہے۔ ’تھرلر‘ آج کی تاریخ تک دنیا بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا البم ہے۔ ان کی موت نے دنیا بھر میں ان کے مدّاحوں کو سوگوار کردیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں