1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیکسن کی پہلی برسی، تنازعات اب بھی قائم

25 جون 2010

زندگی کی طرح موت کے بعد تنازعات کے شکار کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کی آج پہلی برسی منائی جا رہی ہے۔ دنیا بھر میں جیسکن کے مداح اپنے اسٹار کو مختلف طریقوں سے خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/O2wo
تصویر: AP

'اگر تم اپنی زندگی کا آغاز اس یقین سے کرو کہ لوگ تم سے پیار کرتے ہیں اور پھر اسی یقین کے ساتھ زندگی ختم کرو، تو پھر اس کے درمیان کا عرصہ تمہارا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا‘ یہ ہیں وہ الفاظ جو کنگ آف پاپ میوزک مائیکل جیسکن کی کتابDancing the Dream میں لکھے گئے ہیں۔

25 جون 2009ء کو اچانک حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر جانے والے جیکسن کی آج پہلی برسی منائی جا رہی ہے۔ دنیا بھر میں جیکسن کے مداحوں نے موم بتیاں جلا کر اپنے ہردلعزیز فنکار کو یاد کیا۔

Flash-Galerie Michael Jackson This Is It
جیکسن کے انتقال کے بعد ان کے گیتوں کی مقبولیت میں یکدم اضافہ ہو گیا اور بلی جینز، ارتھ سونگ اور دیگر البموں کی ریکارڈ سیل ہوئی۔تصویر: Sony Pictures

نجی زندگی میں شرمیلے اور تنہائی کے شکار جیکسن کو اپنی زندگی میں کئی تنازعات کا سامنا کرنا پڑا، جنہوں نے ان کی زندگی اور ساکھ کو بری طرح متاثر کیا۔

جیکسن کو گزرے ہوئے ایک سال کا عرصہ ہوچکا ہے لیکن ابھی بھی ان کی جائیداد اور موت کی وجوہات کے حوالے سے کئی گھتیاں الجھی ہوئی ہیں۔

ایسا بہت ہی کم ہوا ہے کہ مرنے کے بعد کسی فنکار کو اتنی شہرت ملی ہو جیسا کہ جیکی کو۔ 25 جون 2009 ء کے بعد ان کے گیتوں کی مقبولیت میں یکدم اضافہ ہو گیا اور بلی جینز، ارتھ سونگ اور دیگر البموں کی ریکارڈ سیل ہوئی۔ یورپ سمیت دنیا بھر کے ڈسکوز میں مائیکل جیکسن کے گیت دوبارہ بجنے لگے اور رقص کے دوران لوگوں نے موم بتیاں جلا کر اپنے فنکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ٹوکیو میں جیکسن کی استعمال میں رہنے والی چیزوں کی نمائش ہوئی جبکہ جیکسن کے زندگی کے آخری ایام پر بنائی جانے والی فلم ’دس از اٹ‘ نے ریکارڈ بزنس کیا۔ ٹوکیو میں اس نمائش کے منتظمین نے پہلی برسی کے موقع پر ایک یادگار پروگرام کا انعقاد کیا۔ جس میں جیکسن کے پچاس مداحوں کو منتخب کیا گیا۔ جیکسن کی زندگی کے ہر سال کے لئے ایک مداح ۔

ہالی وُڈ کے ایک جریدے کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران جیکسن کے البموں کی فروخت اور اشیاء کی نمائشوں سے تقریباً ایک ارب ڈالر کی آمدنی ہوئی ہے۔ اس میں سب سے بڑا حصہ ان کی فلم سے حاصل ہونے والی رقم کا ہے۔

This is It Flash-Galerie
جیکسن کے زندگی کے آخری ایام پر بنائی جانے والی فلم ’دس از اٹ‘ نے ریکارڈ بزنس کیا۔تصویر: Sony Pictures

مائیکل جیکسن کی زندگی کی طرح ان کی موت بھی ابھی تک متنازعہ بنی ہوئی ہے۔ ان کے نجی ڈاکٹر جرائم کی ایک عدالت میں اپنے خلاف مقدمے کی کارروائی شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر کونراڈ مرے پر الزام ہے کہ انہوں نے کنگ آف پاپ کو 'پروپوفول' نامی دوا کی ضرورت سے زیادہ مقدار دی تھی۔ یہ دوا کی ایک ایسی قسم ہے جوعام طور پرمریضوں کو آپریشن سے قبل اس لئے دی جاتی ہے کہ انہیں بے ہوش کیا جا سکے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مریضوں کو یہ دوائی پیشہ وارنہ طبی ماہرین کی نگرانی میں صرف ہسپتالوں میں ہی دی جانی چاہیے۔ ڈاکٹرمرے اپنے اوپر لگائے جانے والے تمام الزمات کو رد کرتے ہیں۔

مائیکل کی پہلی برسی کے موقع پر لاس اینجلس میں جیکسن فیملی ایک نجی تقریب منعقد کر رہی ہے۔ جس میں جیکسن کے تینوں بچے پرنس مائیکل، پیرس اور پرنس مائیکل دوم بھی شریک ہونگے۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں