1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’جے ہو‘ وردھنے

18 نومبر 2009

احمد آباد ٹیسٹ میچ میں بھارت کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کرنے والے سری لنکن کھلاڑی مہیلا جے وردھنے دنیاء ٹیسٹ کرکٹ میں ساتویں بیٹسمین بن گئے ہیں، جنہوں نے چھ یا اس سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنائی ہیں۔

https://p.dw.com/p/KaSk
تصویر: AP

آسٹریلوی بیٹسمین ڈان بریڈمین بارہ ڈبل سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں پہلے نمبر پر جبکہ ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نو ڈبل سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس ٹاپ کلب کے اراکین میں انگلینڈ کے والٹر ہیمنڈ سات جبکہ پاکستان کے جاوید میانداد، سری لنکا کے موجودہ کپتان کمار سنگا کارا، سابق سری لنکن کپتان ماروَن اَٹاپٹو اور مہیلا جے وردھنے چھہ چھہ ڈبل سنچریوں کے ساتھ شامل ہیں۔

بھارتی شہر احمد آباد میں جے وردھنے نے بھارت کے خلاف تین میچوں پر مبنی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں اپنی چھٹی ڈبل سنچری بنانے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ برسوں تک کھیلنے کے بعد ہی انہیں اپنی طاقت اور خامی کا برملا احساس ہوا ہے۔’’سالوں تک کھیلنے کے بعد ہی مجھے اپنی مضبوطیوں اور کمزوریوں کا احساس ہوا ہے اور مجھے پتہ چلا ہے کہ کس طرح میں اپنی اننگز کو سنبھال کر اسے آگے لے جاسکتا ہوں۔‘‘

رواں سال کے دوران یہ جے وردھنے کی دوسری ڈبل سنچری ہے۔ سری لنکا کے سابق کپتان اور مڈل آرڈر کی ریڑھ کی ہڑی تصور کئے جانے والے جے وردھنے ٹیسٹ میچوں میں 374 رنز کی اننگز بھی کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے یہ اننگز سن 2006ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی۔

Indien Sri Lanka Cricket Kricket Mahela Jayawardene
بین الاقوامی ایک روزہ میچوں میں جے وردھنے آٹھ ہزار سے زائد رن بناچکے ہیںتصویر: AP

جے وردھنے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں اب تک 27 سنچریاں بنا چکے ہیں لیکن احمد آباد میں سنچری بھارت کی سرزمین پر اُن کی پہلی تھی۔ بھارت میں سیریز جیتنے کے ارادے کے حوالے سے جے وردھنے نے بتایا:’’ہم بھارت کو شکست دینے کے ایک حقیقت پسندانہ منصوبے کے ساتھ ہی یہاں آئے ہیں۔گزشتہ دو، تین برسوں سے ہم زبردست کرکٹ کھیل رہے ہیں۔‘‘

بھارتی بلے باز راہُل ڈراوڈ بھی 27 سنچریاں بناچکے ہیں۔

’ٹیسٹ میچوں میں سری لنکا کی رن مشین‘

جے وردھنے ٹیسٹ میچوں میں نو ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔ اُنہوں نے اب تک 108 ٹیسٹ میچوں میں تقریباً 54 کی بہترین اوسط سے 9022 رنز مکمل کئے ہیں۔ وہ 35 نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔

تاہم جے وردھنے اپنی زبردست ٹیسٹ فارم کو ون ڈیئز میں منتقل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ بین الاقوامی ایک روزہ میچوں میں وہ آٹھ ہزار سے زائد رن بناچکے ہیں تاہم ان کی اوسط متاثر کن نہیں ہے۔ اُنہوں نے اب تک 310 ون ڈے میچوں میں 32 کی اوسط سے یہ رن بنائے ہیں۔ وہ ون ڈیئز میں 11 سنچریاں اور 51 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔

بتیس سالہ اس کھلاڑی نے اپنے کیریئر کا پہلا میچ سن 1997ء میں بھارت کے خلاف ہی کھیلا تھا۔ کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں جے وردھنے نے 66 رنز بنائے تھے جبکہ اُن کی ٹیم نے ریکارڈ 952 رنز بنائے تھے، جن میں سنتھ جے سوریہ کے 340 اور روشن مہاناما کے 225 شامل تھے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عدنان اسحاق