1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حافظ سعید کےخلاف انٹرپول کا ریڈکارنر نوٹس

26 اگست 2009

بھارتی میڈیا کے مطابق انٹرپول نے ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں پاکستان میں کالعدم فلاحی تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کے خلاف ’ریڈ کارنر نوٹس‘ جاری کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/JIbn
انٹرپول نےحافظ سعید کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کردیا ہےتصویر: AP

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق انٹرپول نے حافظ سعید کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس نامی اس وارنٹ کو گزشتہ شب جاری کیا۔ جماعت الدعوۃ کے سربراہ ممبئی حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات سے مسلسل انکار کرتے رہے ہیں۔ تنظیم کے ترجمان نے بھارتی میڈیا میں حافظ سعید کے خلاف انٹرپول کی جانب سے ریڈ کارنر نوٹس جاری کرنے کی خبروں کو بھارتی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

بھارتی حکومت نے حافظ سعید کو گزشتہ سال نومبر میں ممبئی حملوں کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ بھارت کا موقف ہے کہ پاکستان میں مبینہ طور پر سرگرم عسکری تنظیم لشکر طیبہ ان حملوں کے پیچھے ہے اور چونکہ حافظ سعید آج تک اس تنظیم کے سربراہ ہیں، اس لئے وہ ہی ممبئی حملوں کے ذمہ دار ہیں۔

Hafiz Mohammed Saeed
حافظ سعید پر ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام ہےتصویر: AP

حافظ سعید نے پاکستانی حکومت کی جانب سے لشکر طیبہ پر عائد پابندی کے بعد چار سال پہلے ہی اپنی عسکری تنظیم کو تحلیل کردیا تھا۔

ممبئی حملوں کے حوالے سے بھارت کے ان خدشات کے پیش نظر پاکستانی حکومت نے حافظ سعید کو کئی مہینوں تک حراست میں رکھا، تاہم لاہور ہائی کورٹ نے اسی سال جون میں ان کی رہائی کا فیصلہ سنا دیا۔

بھارتی اخبار کے مطابق انٹرپول نے بھارتی تفتیشی ادارے سی بی آئی کی درخواست پر مزکورہ نوٹس جاری کیا ہے۔ ممبئی پولیس کا دعویٰ ہے کہ حافظ سعید ان پینتیس افراد میں شامل ہیں، جنہوں نے ممبئی حملہ آوروں کی تربیت اور معاونت میں اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: گوہر گیلانی