1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حریری کو ایک بار پھر حکومت قائم کرنے کی دعوت

17 ستمبر 2009

لبنانی صدر مشعل سلیمان نے ایک ہفتے قبل وزارت عظمیٰ کے عہدے سے دستبردار ہونے والے سعد الحریری کو ایک مرتبہ پھر متحدہ حکومت قائم کرنے کے لئے دعوت دی ہے۔

https://p.dw.com/p/JiqK
تصویر: AP

لبنان میں اس سال جون کے مہینے میں پارلیمانی انتخابات منعقد ہوئے تھے تاہم ابھی تک سیاسی غیر یقینی کا خاتمہ نہیں ہوسکا ہے۔ لبنان میں نئی متحدہ حکومت کے قیام کے لئے سعد الحریری کو دوبارہ وزیر اعظم نامزد کیا گیا ہے۔ لبنانی صدر مشعل سلیمان کی طرف سے انتالیس سالہ سعد الحریری کو نئی کابینہ تشکیل دینے کے لئے بلانے کے بعد 128 اراکین پارلیمان میں سے 73 نے حریری کی حمایت کی۔ اس طرح حریری وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لئے دوبارہ نامزد ہوئے۔

Der libanesische Präsident Michel Suleiman
لبنانی صدر مشعل سلیمانتصویر: picture-alliance/ dpa

نامزدگی کے بعد سعد حریری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ کھوکھلے وعدے نہیں کرسکتے کیونکہ اپوزیشن نے پہلے مرحلے میں متحدہ حکومت کی تشکیل کے لئے جو شرائط رکھیں، وہ ’’ناقابل قبول‘‘ تھیں۔ اگرچہ حریری نے کہا کہ وہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ایک بار پھر مشاورت کے لئے تیار ہیں تاہم وزارتوں کی تقسیم جیسے پیچیدہ مسئلے کا حل کیسے نکالا جائے گا، اس بارے میں ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

لبنان میں مختلف سیاسی جماعتوں کے مابین اصل اختلافات اسی بات پر ہیں کہ کس سیاست دان کو کون سا قلمدان ملے گا۔ لبنان میں جون کے انتخابات کے بعد تقریباً گیارہ ہفتوں تک اہم وزارتوں کی تقسیم کے مسئلے پر تعطل برقرار رہا اور کوئی حل سامنے نہیں آسکا تھا۔ اپوزیشن کے ساتھ اسی مسئلے پر سخت کشیدگی کے باعث سعد حریری گزشتہ ہفتے اپنے عہدے سے دستبردار ہوگئے تھے۔

سابق لبنانی مقتول وزیر اعظم رفیق حریری کے بیٹے سعد حریری کو امریکہ اور سعودی عرب کی زبردست حمایت حاصل ہے، جبکہ شام اور ایران کو شدت پسند شیعہ اپوزیشن جماعت حزب اللہ کے حامی ممالک تصور کیا جاتا ہے۔

لبنان میں سیاسی جماعتوں کے مابین اختلافات اتنے گہرے ہیں کہ اس ملک میں سن 2006ء میں اسرائیلی فوجی حملے کے بعد سے اب تک مکمل طور پر سیاسی استحکام نہیں آسکا ہے۔ امریکہ اوراسرائیل سمیت کئی ممالک لبنان میں سرگرم عمل شیعہ مسلح گروپ حزب اللہ کو ایک دہشت گرد تنظیم تصور کرتے ہیں۔

رپورٹ: گوہر گیلانی

ادارت: عدنان اسحاق