1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حضرت عیسٰی کا بلند ترین مجسمہ پولینڈ میں

22 نومبر 2010

تقریباً 15000 سے زائد مسیحی زائرین اور سیاحوں نے اتوار کو پولینڈ کے مغربی قصبے کا رخ کیا تاکہ یسوع مسیح کے دنیا میں سب سے طویل القامت مجسمے کی نقاب کُشائی میں شریک ہو سکیں۔

https://p.dw.com/p/QFTy
تصویر: AP

پولینڈ کے ٹی وی چینلز کے مطابق اس موقع پر لوگوں کا ایک جم غفیر مذہبی عبارات پر مبنی بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھا، جن پر ’یسوع مسیح کائنات کے بادشاہ ہیں‘ تحریر تھا۔ کارڈینل Henryk Gulbinowic کی زیر صدرات ہونے والی نقاب کُشائی کی اس رسم میں بشپ سٹیفن ریگمنٹ نے اس مجسمے کو یسوع مسیح پر ایمان کی سب سے واضح نشانی قرار دیا۔

33 میٹر یعنی 108 فٹ بلند یہ مجسمہ برازیل کے دالحکومت ریو دے جینیرو میں نصب مسیح کے اُس مجسمے سے تین میٹر زیادہ بلند ہے، جسے اب تک سب سے طویل القامت ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔ کہا یہ جاتا ہے کہ اس کی 33میٹر بُلندی در اصل یسوع مسیح کی 33 برس کی عمر سے منسوب کی گئی ہے۔ 440 ٹن کے اس مجسمے کے سر پر نصب تین میٹر کا سونے سے بنا تاج بھی ہے، جس کے بعد اس مجسمے کی کُل لمبائی 36 میٹر تک جا پہنچی ہے۔

Auf dem Berg Corcovado in Rio de Janeiro in Brasilien steht die Christus Statue
برازیل کے دالحکومت ریو دے جینیرو میں نصب یسوع مسیح کا مجسمہتصویر: picture-alliance / dpa

نقاب کُشائی کی اس تقریب میں شامل اس مجسمے کا خیال پیش کرنے والے فادر ساواڈسکی نے اس امید کا اظہار کیا کہ کرائسٹ دی کنگ کینھولک آبادی کی اکثریت کے حامل پولینڈ میں زائرین کو خوش آمدید کہیں گے۔ تاہم ان کا یہ کہنا تھا کہ اس مجسمے کی تنصیب سیاحت کے فروغ کے لئے نہیں بلکہ مذہبی مشن کو پورا کرنے کے لئے کی گئی ہے۔

دوسری جانب ایک ٹی وی رپورٹ کے مطابق جرمنی اور پولینڈ کی سرحد پر بہت سے لوگ جمع ہیں تاکہ بطور یادگار سرحد سے صرف 90 کلو میڑ دور نصب اس مجسمہ کی تصاویر لے سکیں۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت : امجد علی