1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حیدر آباد ٹیسٹ: نیوزی لینڈ ’فالوآن‘ سے بچ گیا

6 نومبر 2010

احمد آباد میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے 'جیسی رائڈر' اور 'کین ولیم سن' نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فالو آن ہونےسے بچا لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Q0Y2
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم، فائل فوٹوتصویر: AP

بھارتی شہر احمد آباد میں جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر331 رنز بنا لئے ہیں جبکہ بھارت کو ابھی بھی 156 رنز کی سبقت حاصل ہے۔

پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے 20 سالہ کین ولیم سن اور قدرے تجربہ کار جیسی رائڈر نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 194 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو بھارتی ٹیم کے دباؤ سے باہرنکال لیا۔

Virender Sehwag
وریندر سہواگ نے پہلی اننگز میں بھارت کو ایک اچھا آغاز دیاتصویر: AP

تیسرے دن کی آخری گیند پر آؤٹ ہونے والے رائڈر نے 103 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ ولیم سن 87 رنز بنا کر ابھی ناٹ آؤٹ ہیں۔ جب تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو بھارتی ٹیم کا پلڑا بھاری تھا اور یوں معلوم ہو رہا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم فالو آن ہو جائے گی تاہم مہمان ٹیم نے نہ صرف فالو آن کا امکان ختم کر دیا بلکہ اب وہ ایک مضبوط پوزیشن میں آ گئی ہے۔ راہول ڈریوڈ اگر رائڈر کا کیچ نہ چھوڑتے تو صورتحال کچھ مختلف ہو سکتی تھی۔ راہول نے رائڈر کا ایک آسان کیچ اس وقت گرا دیا تھا، جب ان کا انفرادی سکور ابھی گیارہ تھا۔

ولیم سن اگر اس میچ میں سنچری سکور کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو وہ نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے ایسے آٹھویں کھلاڑی بن جائیں گے، جنہوں نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں ہی سنچری کی ہو۔

بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 487 رنز بنائے تھے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔ بھارت کی طرف سے وریندر سہواگ نے 173 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی جبکہ راہول ڈریوڈ نے 104 رنز بنائے تھے۔ پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیل ویٹوری نمایاں بولر رہے تھے، جنہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان