1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خصوی افراد کے اولمپکس : پیرا اولمپکس کھیل

Qureshi, Abid Hussain13 ستمبر 2008

معذور افراد کے اولمکپ کھیل چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جاری ہیں۔ اِن میں دنیا بھر سے ہزاروں ایتھلیٹس کسی نہ کسی جسمانی معذوری کے باوجود شریک ہیں۔

https://p.dw.com/p/FHXw
جنوبی افریقہ کے معذور ایتھلیٹ آسکر جنہوں نے بیجنگ پیرا اولمکپس میں سونے کا تمغہ حاصل کیا ہے وہ کاربن فائبر پہن کر بھاگتے ہیں۔تصویر: picture-alliance/dpa

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں خصوصی افراد کے کھیل جاری ہے۔ معذور افراد کے یہ مقابلے پیرا اولمپکس کے جھنڈے تلے منعقد کئے جا رہے ہیں۔ چھ ستمبر سے جاری کھیلوں کا ساتواں دِن مکمل ہو گیا ہے اور اِن کھیلوں کا اختتام سترہ ستمبر کو ہو گا۔ پیرا اولمپکس مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں جرمن صدر بھی شریک ہوئے تھے۔

گرمائی اولمپک کھیلوں کی طرح تمغوں کے میزانیے پر چین سر فہرست ہے۔ اُس کے معذور ایتھلیٹوں نے اڑتالیس طلائی تمغے جیتے ہیں۔ چین کے چاندی اور کانسی کے تمغے ملا کر تعداد ایک سو اُنتیس بنتی ہے۔ چین نے صرف اُنیس گولڈ میڈل ٹیبل ٹینس مقابلوں میں جیتے ہیں۔

برطانیہ دوسرے مقام پر ہے جس نے سینتیس سونے کےتمغے جیتے ہیں۔

جرمنی گیارہ طلائی تمغوں کے ساتھ دسویں مقام پر ہے۔ جرمن ایتھلیٹس اب تک کُل سینتالیس میڈل جیت چکے ہیں جن میں چاندی اور کانسی کے بھی شامل ہیں۔ امریکہ کی تیسری اور یورپی ملک یوکرائن کا مقام چوتھا ہے۔ آسٹریلیا کے معذور ایتھلیٹوں نے پندرہ گولڈ میڈل جیت کر اپنے ملک کو پانچویں پوزیشن پر لاکھڑا کیا ہے۔

BdT Olympisches Sitzvolleyball
بیجنگ پیرا اولمکپس کھیلوں میں یوکرائن اور سلووانیہ کی والی بال ٹیمیں ایک دوسرے کے مدِ مقابلتصویر: AP

میڈل ٹیبل پر پاکستان کا نام بھی ہے اور اُس کی پوزیشن چھپنویں ہے۔ پاکستان کے علی حیدر نے لمبی چھلانگ یا لانگ جمپ میں چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔ یہ آپ کو بتاتے چلیں کہ گزشتہ ماہ کے گرمائی اولمپکس کھیلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس کوئی بھی تمغہ جیتنے میں ناکام رہے تھے۔ علی حیدر ڈسکس تھرو میں بھی شرکت کریں گے۔ دو سو میٹر ریس کوالیفائینگ مرحلے میں وہ پانچویں پوزیشن حاصل کر سکے ۔

پیرا اولمکپس کے ساتویں دِن ایران کی ویل چیئر والی باسکٹ بال ٹیم نے امریکہ کے خلاف اپنے میچ سے دست برداری کا اعلان کردیا۔ ایرانی ٹیم کے مطابق اِس دست برداری کے سیاسی محرکات نہیں ہیں صرف مقابلوں میں تبدیلیٴ وقت ہے جس سے ٹیم کو مشکل درپیش ہے۔ اگر ایران یہ میچ جیت جاتا تو اگلے مرحلے میں اُس کا مقابلہ اسرائیل کی ٹیم سے ہو سکتا تھا۔

Südafrika Läufer Oscar Pistorius in Rom
جنوبی افریقہ کے آسکر پیسٹرائس پاؤں کی معذوری کے باوجود کاربن فائبر بلیڈ کے ساتھ ، بھاگتے ہوئےتصویر: AP

اِن کھیلوں میں جنوبی افریقہ کے معذور ایتھلیٹ Oscar Pistorius بھی سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ایتھلیٹ کی وجہ شہرت کاربن فائبر کے تیارشدہ بلیڈ ہیں جو اُن کے پاؤں کی جگہ لگایا گیا ہے۔ وہ ایک عدالتی فیصلے کے بعد اِن کھیلوں میں شریک ہو سکیں ہیں جس میں وہ یہ ثابت کرنے میں کامیاب رہے کہ پاؤں نہ ہونے کے باوجود اُن کی ٹانگوں میں اتنی قوت ہے کہ وہ انتہائی تیز بھاگ سکتے ہیں۔ عدالتی فیصلے میں تاخیر کے باعث وہ بیجنگ اولمپکس میں شرکت سے محروم رہے اب اُن کی نظرین سن دو ہزار بارہ کے لندن اولمپکس پر ہیں۔

پیرا اولمکپس مقابلوں میں بھی ممنوعہ ادویات کے استعمال کے ڈوپ ٹیسٹ جاری ہیں۔ اب تک چھ سو اکیالیس ڈوپ ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں جن میں سے چار مثبت آئے۔ اِن میں ویٹ لفٹنگ کیٹگری میں شریک تین ایتھلیٹس کو مقابلوں سے خارج کردیا گیا ہے اور چوتھا ایتھلیٹ یورپی ملک آئر لینڈ کا ہے۔

پیرا اولمپکس مقابلوں میں ایک پچاس ملکوں کے چار ہزار معذور ایتھلیٹ حصہ لے رہے ہیں۔ بیس کھیلوں کے مقابلوں میں کُل چار سو بہتر طلائی تمغے تقسیم کئے جائیں گے۔