1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسانی جذبات پڑھنے والا روبوٹ سائمن اب خلابازوں کا نیا ساتھی

6 دسمبر 2019

مصنوعی دانش کے حامل روبوٹ کو اُس کے خلائی سفر پر روانہ کر دیا گیا ہے۔ اس کی منزل بین الاقوامی خلائی مرکز ہے۔ یہ وہاں موجود خلابازوں کی ذہنی صحت کی حفاظت کرے گا۔

https://p.dw.com/p/3UJY7
Cimon In Columbus Laboratory Abord ISS
تصویر: picture-alliance/Zuma/Esa

روبوٹ کا نام سائمن ایک اصطلاح 'کریو انٹرایکٹو موبائل کمپینیئن ٹو‘ (Crew Interactive Mobile Companion) کا مخفف ہے۔ مصنوعی دانش سے آراستہ اس روبوٹ کو جمعرات پانچ دسمبر کو امریکی شہر فلوریڈا سے روانہ کیا گیا۔ اسے ایک نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس نے اپنے خلائی جہاز کے ذریعے خلائی اسٹیشن کی جانب بھیجا ہے۔

سائمن روبوٹ میں مائیکروفون اور کیمروں کے ساتھ ساتھ ایسا خصوصی سافٹ ویئر نصب کیا گیا ہے، جو انسانی جذبات و احساسات کو پڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ روبوٹ پلاسٹک کی تھری ڈی پرنٹنگ کا شاہکار ہے۔ خلا میں روانہ کیا گیا روبوٹ سن 2018 میں تیار کیے گئے ایسے ہی ایک روبوٹ کا جدید یا اپ گریڈ کیا گیا نمونہ ہے۔

انسانوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے والا یہ روبوٹ جلد ہی خلائی اسٹیشن پہنچ جائے گا اور وہاں موجود خلابازوں کی ذہنی صحت کو بہتر کرنے میں مدد گار ہو گا۔ خلائی اسٹیشن پر مہینوں رہنے والے خلابازوں کو طویل عرصے تک تنہا رہنے اور عدم رابطوں کا سامنا رہتا ہے اور یہ صورتحال ان کے جذبات پر منفی اثرات کا باعث بنتی ہے۔ روبوٹ ایسے منفی اثرات کو زائل کرنے میں مدد کرے گا۔

Cimon In Columbus Laboratory Abord ISS
انسانوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے والا یہ روبوٹ جلد ہی خلائی اسٹیشن پہنچ جائے گاتصویر: picture-alliance/Zuma/Esa

سائمن روبوٹ انگریزی میں ہمکلام ہوتا ہے اور اسے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بڑے امریکی ادارے آئی بی ایم (IBM) نے تخلیق کیا ہے۔ توقع کی گئی ہے کہ یہ روبوٹ اگلے تین برسوں تک انٹرنیشنل خلائی اسٹیشن پر رکھا جائے گا۔ اس سے قبل بھی ایسے روبوٹ روانہ کیے گئے تھے لیکن ان کی مدتِ قیام سائمن کے مقابلے میں تین گنا کم تھی۔

سائمن روبوٹ بنانے والے ادارے آئی بی ایم کی ٹیم کے سربراہ ماتھیاس بینوئک کا کہنا ہے کہ اس روبوٹ کی تخلیق کا بنیادی مقصد اسے کسی بھی انسان کا درست اور صحیح ساتھی بنانا ہے۔ بینوئک نے واضح کیا کہ اس تناظر میں خلاباز اور سائمن کے درمیان پیدا ہونے والا تعلق نہایت اہم ہو گا کیونکہ یہ روبوٹ خلاباز کے اداس ہونے پر اور اسی طرح خلاباز کی خفگی یا مسرت پر بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا کرے گا۔

ع ح ⁄ ع ا (اے پی، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید