1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'خواجہ آصف والا بیان عمران خان دیتے، تو بھی پرچہ کراتا'

عبدالستار، اسلام آباد
13 جولائی 2020

مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما خواجہ آصف  کے خلاف توہین مذہب کی شکایت کرنے والے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے عہدیدار ضرور ہیں لیکن ایسا بیان اگر وزیراعظم دیتے تو وہ ان کے خلاف بھی پولیس میں شکایت کرتے۔ 

https://p.dw.com/p/3fFay
تصویر: picturealliance/AP Photo/A. Naveed

خواجہ آصف نے پچھلے ہفتے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے مسئلے پر قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے آئین کے تحت تمام مذاہب برابر ہیں اور ہر شہری کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد بعض مذہبی شخصیات انہیں تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں۔ ان کا موقف ہےکہ اسلام دراصل تمام مذاہب پر افضل ہے۔

خواجہ آصف کے خلاف شکایت جمعے کو ظفر وال کے وکیل اور حکمراں پی ٹی آئی کے مقامی صدر قمر ریاض نے جمع کرائی۔ درخواست میں انہوں نے الزام لگایا کہ خواجہ آصف نے تمام مذاہب کو برابر قرار دے کر اسلام کی توہین کی ہے۔

پولیس نے درخواست لے لی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا کیونکہ حکام کے مطابق مبینہ جرم کی جائے وقوعہ اسلام آباد ہے۔ لیکن قمر ریاض کا اصرار ہے کہ توہین مذہب کی شکایت کسی بھی تھانے میں درج کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، "یہ کہنا غلط ہے کہ یہ درخواست یہاں نہیں جمع ہو سکتی۔ میں پوچھتا ہوں کہ کیا میر شکیل الرحمن کے خلاف پورے ملک میں مقدمات نہیں ہوئے تھے؟ تو پھر یہ مقدمہ یہاں کیوں نہیں ہو سکتا؟"

انہوں نے کہا کہ مقامی وکلا برادری خواجہ آصف کے بیان کے خلاف قرار دادیں منظور کرنے جارہی ہے۔ قمر ریاض نے کہا کہ کیس داخل کرنے کے لیے انہیں اسلام آباد جانا پڑا تو وہ اس سے گریز نہیں کریں گے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی پارٹی کا اس معاملے پر کیا موقف ہے، تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ شکایت سیاسی حیثیت میں نہیں بلکہ بطور ایک مسلمان شہری کے کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ، "میں پی ٹی آئی کا صدر تو ابھی حال ہی میں بنا ہوں لیکن اگر عمران خان بھی ایسا کوئی بیان دیتے تو میں ان کے خلاف بھی شکایت کرتا۔"

خود خواجہ آصف جمعے کو ہی قومی اسمبلی میں وضاحت کر چکے ہیں کہ ان کا بیان آئین پاکستان میں مذہبی برابری کے اصولوں کے عین مطابق تھا۔

 اس کے باوجود اسلام آباد میں ہفتے کو لال مسجد شہدا فاؤنڈیشن کے ترجمان حافظ احتشام نے بھی مرگلہ تھانے میں خواجہ آصف کے خلاف شکایت جمع کرائی ہے۔ تھانے کے ایس ایچ او نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ درخواست پر قانونی رائے کے لیے اسے لیگل ڈپارٹمنٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔

پاکستان میں انسانی حقوق کے کارکن اس طرح کی مقدے بازی کو ایک خطرناک رجحان قرار دے رہے ہیں۔

 انسانی حقوق کمیشن سے وابستہ اسد بٹ کا کہنا ہے کہ اس رجحان سے عوامی نمائندوں میں خوف پیدا ہوگا۔ "اختلاف رائے کو کچلنےکے لئے یہ انتہائی خطرناک رجحان ہے۔ پارلیمنٹ واحد ایک جگہ رہ گئی ہے جہاں کچھ کھل کر بولا جا سکتا ہے لیکن اب اس کو بھی بند کرنے کی تیاری ہورہی ہے، جو تباہی کا پیش خیمہ ہے۔"

پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن خواجہ آصف نے کوئی غلط بات نہیں کی۔

پی پی پی کے رہنما تاج حیدر کا کہنا ہے کہ ایسے ہتھکنڈے عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ "لیکن عوامی نمائندے ان ہھتکنڈوں سے نہیں ڈرتے۔ وہ سیاست میں حصہ ہی اس وقت لیتے ہیں،جب وہ یہ فیصلہ کر لیتے ہیں کہ ان کی جان ہتھیلی پر ہوگی کیونکہ انہیں اسٹیبلشمنٹ سے ٹکر لینی ہے۔ ہم کسی کو اس مسئلے پر سیاست نہیں کرنے دینگے۔"

نواز لیگ کی حکومت میں آخری چند ماہ کے دوران وزیر قانون زاہد حامد بھی مذہبی حلقوں کے عتاب کا نشانہ بنے جس کے باعث انہیں مستعفی ہونا پڑا تھا۔ نواز لیگ کے ایک اور سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال پر ایک انتہا پسند نے قاتلانہ حملہ کیا جس میں وہ زخمی ہوئے۔ خود میاں نواز شریف پرکچھ برس قبل ایک مذہبی جنونی نے اس وقت جوتا پھینکا جب وہ لاہور کے ایک دارالعلوم میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

ماضی میں کچھ عناصر نے پی پی پی کی رہنما شیری رحمان کے خلاف بھی توہین مذہب کا مقدمہ قائم کرنے کی کوشش کی تھی۔ انتخابات سے پہلے ایک وڈیو میں خود عمران خان کو ختم نبوت پر اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ کچھ عرصے پہلے ایک خاتون بیوروکریٹ کو پنجاب میں ایک تقریب کے دوران ایک مذہبی مسئلے پر طالب علموں کے سامنے اپنے صفائی دینے پر مجبور کیا گیا۔