1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خیبر ایجنسی میں خود کش حملہ، اٹھارہ ہلاک

10 فروری 2010

پاک افغان شاہراہ پر واقع خیبر ایجنسی کے تحصیل جمرود کے نواحی علاقہ وزیرڈنڈ میں سیکورٹی فورسزپر ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم اٹھارہ افراد ہلاک جبکہ بیس سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/LyO9
ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار ہیںتصویر: AP

ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر سیکورٹی اہلکار شامل ہیں یہ دھماکہ ایسے وقت میں کیا گیا جب سیکورٹی فورسز کے لائن آفیسر زرمت خان دیگر اہلکاروں سمیت علاقے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے گشت کررہے تھے۔ ادھر ایدھی ویلفیر کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دھماکے میں سترہ افراد ہلاک جبکہ تیس زخمی ہیں۔

خیبر ایجنسی کے پولیٹکل حکام کا کہنا ہے کہ لائن افسر زرمت خان اپنے عملے سمیت معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران ایک خودکش حملہ آورنے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو علاج کیلئے حیات آباد میڈیکل کمپلکس پہنچا دیا گیا ہے، جن میں کئی کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

ہسپتال میں اپنے زخمی رشتہ دار کو لانے والے واقعے کے ایک عینی شاہد ابراہیم خان کا کہنا ہے : ’’ہم قریبی دوکان میں موجود تھے کہ اس دوران ایک زور دار دہماکہ ہوا جب ہم باہر نکلے تو ہر طرف دھواں پھیل گیا تھا ہر طرف لاشیں اور زخمی پڑے تھے۔ اسی جگہ پر میرا رشتے دار بھی تھا، اسےڈھونڈ کر گاڑی میں ڈال کر یہاں ہسپتال پہنچایا۔ مرنے والوں میں زیادہ تر خاصہ دار ہیں جبکہ عام لوگ بھی مارے گئے ہیں۔ ہم نے خود کئی شدید زخمیوں کو گاڑیوں میں ڈالا ۔ یہ ایک قیامت کا منظر تھا۔‘‘

یہ بات قبل ذکر ہے کہ لائن افسر زرمت خان کو چند روزقبل ہی حکومت پاکستان نے سول ایوارڈ تمغہ شجاعت کیلئے نامزد کیا تھا۔علاقے کے لوگوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف موثر کاروائی کی۔

Pakistan Anschlag Autobombe Peshawar
دھماکے سے سیکورٹی اہلکاروں کی گاڑی سمیت متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیںتصویر: AP

جمرود میں یہ دھماکہ خیبر ایجنسی کے دور دراز علاقے تیراہ میں فوجی ہیلی کاپٹر کے گر کر تباہ ہونے کے چند گھنٹے بعد ہوا جس میں پائلٹ اور معاون پائلٹ ہلاک ہوگئے، جبکہ دوسری جانب ملنے والی اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز کے ایک قافلے پر نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے ہونے والے حملے میں ایک افسر جان بحق جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ افسران ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعے کی تحقیقات کیلئے تیراہ گئے تھے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی فورسز گزشتہ کئی ماہ سے علاقے میں موجود عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہے۔

رپورٹ: فریداللہ خان ،پشاور

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید