1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خیبر پختونخوا میں خودکش بمبار کی کارروائی، سات نیم فوجی اہلکار ہلاک

24 دسمبر 2011

ہفتے کی صبح پاکستانی صوبے خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے کی دہلیز پر واقع اہم شہر بنوں میں پیرا ملٹری دستوں کی رہائش گاہ اور دفتر کے علاوہ ایف سی کی چوکی پر متعین افراد کو دہشت گردانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔

https://p.dw.com/p/13Yja
تصویر: AP

بنوں شہر اسٹرٹیجیک نوعیت کا شہر ہے اور اس میں فوج کے علاوہ نیم فوجی دستوں کی یونٹوں کے رہائشی کوارٹرز کے علاوہ دفاتر بھی قائم ہیں۔ قبائلی علاقوں میں تعینات پیرا ملٹری اور فوجی یونٹوں کے لیے یہ شہر ایک ٹرانزٹ کیمپ بھی تصور ہوتا ہے۔ پیرا ملٹری اہلکاروں پر مشتمل فرنٹیئر کانسٹیبلری میں کئی دستے شامل ہیں جن میں شوال رائفلز اور ٹوچی اسکاؤٹس وغیرہ ہیں۔ انہی میں ایک ٹوچی اسکاؤٹس ہیں۔ اس نیم فوجی رجمنٹ کے مقامی رہائشی اور دفتری علاقے پر خود کش بمبار نے علی الصبح حملہ کیا۔ خود کش حملہ آور بارود سے بھری گاڑی پر سوار تھا اور یہ گاڑی اس نے کیمپ سے ٹکرا دی تھی۔ گاڑی کے ٹکرانے کے بعد زوردار دھماکا ہوا تھا۔

دھماکے کی زد میں آنے والی قریبی فرنٹیئر کانسٹیبلری کی چوکی کو بھی تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک درجن زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ ٹوچی اسکاؤٹس لائن کوہاٹ بنوں روڈ پر واقع ہے۔ ٹوچی اسکاؤٹس نیم فوجی فرنٹیئر کانسٹیبلری کی ایک ذیلی شاخ ہے۔

Pakistan Anschlag Peschawar NO FLASH
طالبان عسکریت پسندوں کے تربیت یافتہ افراد خود کش حملوں کا حصہ ہوتے ہیںتصویر: dapd

اس دہشت گردانہ کارروائی کے نتیجے میں حکام نے کم از کم سات نیم فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ ان ہلاکتوں کی تصدیق مقامی پولیس افسر محمد شفیق نے کی ہے۔ خفیہ اہلکاروں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش بمبار کے ہمراہ اس کے ساتھی بھی تھے کیونکہ دھماکے کے بعد ٹوچی اسکاؤٹس لائن کے ارد گرد فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ دھماکے کے وقت اس لائن میں خاصے نیم فوجی دستے موجود تھے۔

بنوں شہر سے وزیرستان کو سامان کی ترسیل کی جاتی ہے۔ پرامن دور میں بنوں سے قبائلی شہروں میر علی، وانا اور رزمک کے لیے مسافر بسیں روانہ ہوا کرتی تھیں۔ اس شہر کو شمالی و جنوبی وزیرستان کا دروازہ بھی خیال کیا جاتا ہے۔ یہ شہر پاکستان میں کھانا پکانے کے مصالحوں کی وجہ سے بھی شہرت رکھتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں