1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

داعش کے قبضے سے چھڑائے گئے علاقے، پچاس اجتماعی قبریں دریافت

مقبول ملک7 مئی 2016

اقوام متحدہ کے ایک مندوب کے مطابق عراق میں داعش کے قبضے سے چھڑائے گئے علاقوں سے اس دہشت گرد گروہ کے ہاتھوں قتل ہونے والے افراد کی پچاس اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں، جن میں سے تین فٹ بال کے ایک میدان میں ملیں۔

https://p.dw.com/p/1IjZL
Massengrab in Sindschar Irak gefunden IS
تصویر: Getty Images/J. Moore

نیو یارک سے ہفتہ سات مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق اقوام متحدہ کے مندوب ژان کُوبِس نے عالمی سلامتی کونسل کو بتایا کہ بیسیوں اجتماعی قبروں کی دریافت کی صورت میں ان شرمناک جرائم کا پتہ حال ہی میں عراق کے ایک ایسے علاقے میں چلا، جسے عسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے قبضے سے چھڑایا گیا تھا۔

Jan Kubis نے سلامتی کونسل کو جمعے کی رات بتایا، ’’یہ وہ جرائم ہیں، جن کا ارتکاب آئی ایس کے جہادیوں نے کیا۔ اب تک عراقی دستوں نے امریکا کی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد کے فضائی حملوں کی مدد سے عراق کے جن علاقوں سے داعش کے جنگجوؤں کو نکال دیا ہے، وہاں مجموعی طور پر 50 تک اجتماعی قبریں دریافت کی جا چکی ہیں۔‘‘

عالمی ادارے کے مندوب کُوبِس نے سکیورٹی کونسل کے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا، ’ان ہولناک جرائم کی ایک مثال یہ بھی ہے کہ رمادی کے شہر میں، جسے عراقی فورسز نے داعش کے جہادیوں کو پسپائی پر مجبور کرتے ہوئے آزاد کرا لیا تھا، اپریل کے آخر میں متعدد اجتماعی قبریں دریافت کی گئیں۔ ان میں سے تین فٹ بال کے ایک میدان سے ملیں، جن میں مجموعی طور پر کم از کم 40 انسانوں کی جسمانی باقیات پائی گئیں۔‘‘

رمادی کے بارے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ عراقی فورسز نے اسے گزشتہ برس کے اواخر میں اس وقت آزاد کرا لینے کا دعویٰ کیا تھا جب انہوں نے ابھی اس مرکزی حکومتی کمپاؤنڈ پر قبضہ کیا تھا جو اس شہر پر جہادیوں کے قبضے کے بعد سے داعش کے کنٹرول میں تھا۔ تاہم رمادی کے مختلف حصوں میں موجود ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جہادیوں کے وہاں سے نکالے جانے کے بعد اس شہر پر بغداد حکومت کے دستوں کا مکمل قبضہ اس سال فروری میں ممکن ہو سکا تھا۔

Irak Tikrit Massengrab
تصویر: Reuters/Stringer

اس کے علاوہ ژان کُوبِس نے سلامتی کونسل کے رکن ملکوں کو یہ بھی بتایا کہ عراق میں انسانی سطح پر پایا جانے والا بحران شدید تر ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عراق کی قریب ایک تہائی آبادی یا ایک کروڑ سے زائد شہریوں کو انسانی بنیادوں پر امداد کی اشد ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کے مندوب کے مطابق اس سے بھی زیادہ افسوسناک بات یہ ہے کہ ایسے عراقی باشندوں کی تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں اب دگنی ہو چکی ہے۔

اس بریفنگ میں عالمی سلامتی کونسل کو بتایا گیا کہ اگر عراق میں حالات اس طرح خراب تر ہوتے رہے اور پسپائی پر مجبور داعش کو ابھی تک اس کے زیر قبضہ علاقوں سے نکالنے کے لیے حکومتی فورسز کی عسکری کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں، تو اس سال کے آخر تک مزید دو ملین عراقی شہری اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں