1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دبئی میں پاکستانی مڈل آرڈر ناکام

14 نومبر 2010

پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز جنوبی افریقی گیند بازوں کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پہلی اننگ کو محض 248 رنز تک پہنچا پائے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Q8GE
یونس خانتصویر: AP

دبئی ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 144 رنز کے ساتھ اپنی پہلی اننگ کا کھیل دوبارہ شروع کیا۔ تجربہ کار یونس خان اور نوجوان اظہر علی کی جوڑی صبح کے سیشن میں کھل کر نہ کھیل سکی۔ یونس 35 کے سکور پر سپنر جوآن بوتھا کا شکار ہو گئے۔

اظہر علی کچھ دیر وکٹ پر جمے رہے تاہم ان کا ساتھ دینے کے لئے آنے والے کپتان مصباح الحق بھی جلد ہی بوتھا کا اگلا شکار بنے۔ مصباح نو رنز بنا سکے۔ بوتھا نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو پچھاڑنے کا سلسلہ جاری رکھا اور چھٹے نمبر پر کھیلنے والے عمر اکمل کو بھی جلد واپس پویلین لوٹا دیا۔ وہ محض چار رنز بنا پائے۔ اسی طرح پاکستانی مڈل آرڈر کی ناکامی کا سلسلہ جاری رہا۔ اظہر علی کسی حد تک جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرتے رہے مگر آخر میں وہ بھی دوسرے اینڈ پر گرتی وکٹوں کو دیکھ کر مورکل کی گیند پر ہاشم آملہ کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 56 رنز بنائے۔

Südafrika Cricket Dale Steyn
جنوبی افریقہ کے اٹیکنگ باؤلر ڈیرل سٹینتصویر: AP

اس طرح پاکستانی ٹیم 122 رنز کے خسارے میں چلی گئی۔ جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں یہ برتری دلانے والے نمایاں گیند باز مورکل اور بوتھا رہے، جنہوں نے بالترتیب پانچ اور تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے نمایاں بلے باز محمد حفیظ اور اظہر علی رہے، جنہوں نے بالترتیب 60 اور 56 رنز بنائے۔

تیسرے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں 139 رنز بنا لئے ہیں اور ان کے دو کھلاڑی آوٹ ہوئے تھے۔ آوٹ ہونے والے کھلاڑی آلویرو پیٹرسن اور گراہم سمتھ تھے، جنہوں نے بالترتیب 49 گیندوں پر 26 اور 79 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں