1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’دنيا ديکھ رہی ہے، خاشقجی قتل کيس ميں سب سچ کے منتظر ہيں‘

8 فروری 2019

اقوام متحدہ کی ايک تفتيش کار نے خاشقجی قتل کيس کی اپنی ابتدائی رپورٹ ميں کہا ہے کہ سعودی حکام نے نہ صرف ترک تفتيش کاروں کے کام ميں رکاوٹيں ڈاليں بلکہ سعودی صحافی کو ایک منصوبے کے تحت قتل کيا گيا تھا۔

https://p.dw.com/p/3Cyqn
Türkei Istanbul Protest gegen Ermordung von Khashoggi durch Saudis
تصویر: Getty Images/AFP/Y. Akgul

صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقيقات ميں سعودی حکام کی جانب سے شفافيت بالکل ہی نہ ہونے کے سبب ان کے قابل بھروسہ ہونے پر سوالیہ نشان لگا ديتی ہے۔ يہ بات ترک صدر رجب طيب ايردوآن کے ايک قريبی ساتھی و کميونيکيشنز ڈائريکٹر فہرتين التون نے جمعے کو کہی۔ ان کے بقول سعودی اہلکاروں کی جانب سے متعدد مرتبہ غلط بيانی کی گئی جس کے سبب اس کيس کے کئی اہم پہلوؤں پر سواليہ نشان لگ جاتا ہے۔

امريکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے ليے لکھنے والے سعودی حکومت کے ناقد صحافی جمال خاشقجی کو پچھلے سال اکتوبر کے اوائل ميں استنبول ميں سعودی قونصل خانے ميں قتل کر ديا گيا تھا۔ رياض حکومت نے اس بارے ميں کئی مرتبہ اپنا موقف تبديل کيا اور پھر بعد ازاں يہ تسليم کر ليا گيا کہ خاشقجی کو قتل کر کے ان کی لاش کو ٹھکانے لگا ديا گيا۔

جمعرات کو اقوام متحدہ کی قيادت ميں اس کيس کی تفتيش کے ابتدائی نتائج بھی عام کيے گئے، جن کے مطابق ايسا معلوم ہوتا ہے کہ خاشقجی کا ظالمانہ انداز ميں قتل پہلے سے کی گئی منصوبہ بندی کے تحت اور سعودی حکام کی ہدايت پر کيا گيا۔ ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی تفتيش کرنے والی ماہر ايگنس کالامارڈ نے اپنی تفتيش کے ابتدائی نتائج کا اعلان گزشتہ روز کيا جبکہ حتمی اور تفصيلی رپورٹ اس سال جون ميں جاری کی جائے گی۔ کالامارڈ نے يہ بھی کہا کہ سعودی عرب نے استنبول ميں سعودی قونصل خانے ميں گزشتہ برس اکتوبر ميں قتل ہونے والے خاشقجی کے قتل کی تحقيقات کے عمل ميں بھی رکاوٹيں ڈالنے کی کوشش کی تھی۔ ان کے مطابق ترک تفتيش کاروں کو بہت کم وقت ديا گيا اور چيزوں تک رسائی بھی انتہائی محدود تھی۔ اس کےسبب یہ تفتیش بین الاقوامی معیار پر پورا نہیں اُترتی۔

 ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی تفتيش کرنے والی ماہر ايگنس کالامارڈ
ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی تفتيش کرنے والی ماہر ايگنس کالامارڈ تصویر: picture-alliance/AP/C. Yurttas

دريں اثناء فہرتين التون نے جمعے کو مزيد کہا کہ سعودی حکام اس کيس کی تفتيش کے معاملے ميں نہ صرف ترک حکام بلکہ عالمی برادری کے ساتھ بھی عدم تعاون کا مظاہرہ کر رہےہيں۔ انہوں نے مطالبہ کيا کہ رياض حکومت انصاف تک پہنچنے اور اپنی سنجيدگی ثابت کرنے کے ليے خاشقجی کے قاتلوں کو ترکی کے حوالے کرے۔ يہ امر اہم  ہے کہ سعودی عرب نے داخلی سطح پر اس کيس کی تفتيش کر کے گيارہ افراد کے خلاف عدالتی کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے، جن ميں سے پانچ کو سزائے موت کا سامنا بھی ہے۔ رياض حکومت ان کی حوالگی کے مطالبات البتہ مسترد کرتی آئی ہے۔

ترک صدر رجب طيب ايردوآن يہ الزام عائد کر چکے ہيں کہ خاشقجی کے قتل کے احکامات اعلٰی قيادت کی جانب سے جاری کيے گئے جبکہ رياض حکومت ايسے الزامات قطعی طور پر رد کرتی ہے۔  ايردوآن کے ايک قريبی ساتھی و کميونيکيشنز ڈائريکٹر فہرتين التون نے جمعے کو کہا کہ دنيا ديکھ رہی ہے اور اس معاملے ميں سب سچ کے منتظر ہيں۔

ع س / ع آ، نيوز ايجنسياں