1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما کا عالمی ریکارڈ

26 دسمبر 2011

ایک پندرہ سالہ امریکی لڑکے نے سات براعظموں میں واقع سب سے اونچے پہاڑ سر کرتے ہوئے دنیا کے ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13ZKK
تصویر: AP

جورڈن رومیرو نے 13 برس کی عمر میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی اور اس طرح اسے دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما کا اعزاز بھی حاصل ہوا تھا۔

اتوار کے روز رومیرو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بر اعظم انٹارکٹیکا کی بلند ترین چوٹی ’ونسن ماسیف‘ کو بھی سر کر لیا۔ اس ٹیم میں رومیرو کے والد اور اس کے سوتیلی والدہ بھی شامل ہیں۔

گزشتہ روز اس ٹیم کی ویب سائٹ پر لکھا گیا تھا، ’ہم انٹارکٹیکا کی چھت پر ہیں اور آج کا دن ہمارے لیے ایک یادگار دن ہے۔

Spitze des Elbrus höchster Berg im Kaukasus
رومیرو اپنی گیارہویں سالگرہ سے پہلے ہی روس میں قفقاذ کے پہاڑی سلسلے کی بلند ترین چوٹی Mount Elbrus پر چڑھنے میں کامیاب ہو گیا تھاتصویر: DW

رومیرو نے انٹارکٹیکا کی بلند ترین چوٹی کو سر کرتے ہوئے برطانیہ کے George Atkinson کا قائم شدہ ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ انہوں نے ساتوں بر اعظموں کی بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا ریکارڈ سولہ برس کی عمر میں قائم کیا تھا۔

رومیرو نے چھوٹی عمر میں ہی کوہ پیمائی کا آغاز کر دیا تھا۔ اس کی عمر ابھی 10 برس ہی تھی کہ اس نے افریقہ کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ کیلی منجارو کو سر کر لیا تھا۔ اس کے بعد سن 2007 میں اپنی گیارہویں سالگرہ سے پہلے ہی وہ روس میں قفقاذ کے پہاڑی سلسلے کی بلند ترین چوٹی Mount Elbrus پر چڑھنے میں بھی کامیاب ہو گیا تھا۔ اس کامیابی کے پانچ ماہ بعد ہی رومیرو نے ارجنٹائن میں Mount Aconcagua کو بھی سر کر لیا تھا۔

ستمبر 2009 میں تیرہ سال کی عمر میں اس نے انڈونیشیا کی چوٹی Carstensz Pyramid کو بھی سر کیا اور اس طرح اس نے کسی جزیرے کی بلند ترین چوٹی کو سر کرتے ہوئے ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا۔

رومیرو کی ٹیم کرسمس کے روز ماؤنٹ ونسن کو سر کرنا چاہتی تھی تاہم مثالی موسم اور بہت اچھی پیش رفت کے باعث یہ کوہ پیما ایک دن پہلے ہی اس پہاڑ کی چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں