1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دوہا میں خواتین کھلاڑیوں کی ٹینس چیمپئن شپ

9 نومبر 2008

خواتین کی سال برائے دوہزار آٹھ کے آخری رینکنگ ٹورنامنٹ کا فائنل امریکی اور روسی کھلاڑی کے درمیان دوہا میں اتوار کی شب کھیلا جائے گا۔ دوسری جانب مردوں کے ماسٹرز کپ کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/FqCf
عالمی نمبر ایک ژیلینا جانکووچ، ٹینس کورٹ میںتصویر: AP

سن دو ہزار آٹھ کا اختتام قریب ہے اور اب کئی کھیلوں کے اختتامی ٹورنامنٹ شروع ہیں۔ ٹینس کا سیزن سارا سال رہتا ہے۔ جن میں خواتین اور مردوں کے مقابلے جاری و ساری رہتے ہیں۔ اِن کا اختتام دو ہا اور شنگھائی میں ہوتا ہے۔ یہ وہ ٹورنامنٹ ہیں جن سے اُن کی عالمی رینکنگ میں سبدیلی واقع ہو تی ہے۔ اِن مقابلوں کے بعد بھی ٹینس کے مقابلے ہوتے ہیں لیکن وہ رینکنگ ٹورنامنٹ نہیں کہلاتے۔

Wimbledon 2008 Venus Williams
وینس ولیمز، ویمبلڈن چیمپئنتصویر: AP

خواتین کے لئیے چیمپئن ٹرافی کا ٹورنامنٹ خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوہا میں ہوتا ہے۔ یہ ڈبلیو ٹی اے یا ویمن ٹینس ایسوسی ایشن چیمپئن شپ بھی کہلاتی ہے۔ سال بھر کی بہتر کار کردگی کے تناظر میں آٹھ خواتین کھلاڑیوں کا انتخاب ہوتا ہے۔ چار چار خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل اِن کے دو گروپ بنائے جاتے ہیں۔ دونوں گروپس میں شریک کھلاڑی ایک دوسرے سے کھیلتی ہیں۔ ہر گروپ میں پہلی دو پوزیشن حاصل کرنے والی خواتین سیمی فائنل کے مرحلے میں پہنچتی ہیں۔

Tennisspielerin Ana Ivanovic Serbien
سیربیا کی سابقہ عالمی نمبر ایک، انا ایوانووچ، فرنچ اوپن کی کامیابی کے بعد سے عمدہ کھیل پیش کرنے سے قاصر ہیں۔تصویر: AP

دوہا منعقدہ خواتین کی چیمپئن شپ کا فائنل مرحلہ آ گیا ہے۔ خواتین کی عالمی نمبر ایک سیربیا کی Jelena Jankovic کو امریکی کھلاڑی وینس ولیمز کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کھانا پڑی۔ جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں روس کی Vera Zvonareva نے اپنی ہم وطن کھلاڑی ایلینا ڈیمنٹیوا کو ایک سخت مقابلے کے بعد ہرا دیا۔ دونوں میچ خاصے زوردار تھے اور حتمی نتیجہ تین تین سیٹ کھیلنے کے بعد حاصل ہوا۔ خاص طور پر امریکی کھلاڑی وینس ولیمز اور عالمی نمبر ایک Jelena Jankovic کے درمیان ہونے والے میچ میں انتہائی اعیٰ کوالٹی کا کھیل پیش کیا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے اٹیک اور دفاع کو شائقین نے دل کھول کر داد دی۔ ماہرین کے خیال میں میچ کے دوران سیربیا کی کھلاڑی نے کئی مواقع بھی ضائع کئے جس کی وجہ سے وہ شکست سے دوچار ہوئیں۔

وینس ولیمز کو اِس سال ومبلڈن جیتنے کا اعزاز حاصل ہے اور ایلینا ڈیمنٹیوا کو بیجنگ اولمکپس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

اِسی ٹورنامنٹ میں عالمی نمبر تین سیرینا ولیمز معدے میں تکلیف کے باعث پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں تھیں۔ اِسی طرح سیربیا کی سابقہ عالمی نمبر ایک اور اوجودہ عالمی نمبر چار آنا ایوانوِچ بھی وائرس کا شکار ہوتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کرنے سے قاصر رہیں۔

مردوں کا آخری ٹورنامنٹ ماسٹرز کپ کہلاتا ہے۔ یہ چین کے شہر شنگھائی میں شروع ہو چکا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ سولہ نومبر تک جاری رہتا ہے۔