1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دو رنز پر آل آؤٹ، ان ميں بھی ايک رن وائڈ بال کا

عاصم سلیم
24 نومبر 2017

بھارت کی ڈوميسٹک کرکٹ کے ايک ميچ ميں خواتين کی ايک ٹيم پچاس اوورز کے ميچ ميں صرف دو رنز بنانے کے بعد آل آؤٹ ہو گئی۔ کمال کی بات تو يہ ہے کہ دو رنز ميں بھی ايک رن وائڈ بال کا تھا۔

https://p.dw.com/p/2oBZj
Symbolbild Cricket Ball Schläger und Handschuh
تصویر: Fotolia/S.White

’بورڈ آف کرکٹ کنٹرول ان انڈيا‘ کے سپر سيريز ٹورنامنٹ کے ايک ميچ ميں کيرلا اور ناگالينڈ کی ٹيميں جمعرات کے روز ايک دوسرے کے خلاف ميدان ميں اتريں۔ ناگالينڈ کی ٹيم نے پہلی مرتبہ اس ٹورنامنٹ کے ليے کواليفائی کيا تھا۔اس ٹيم نے ٹاس جيت کر پہلے بيٹنگ کا فيصلہ کيا۔ اوپنگ کرنے والی کھلاڑی مینکا نے اٹھارہ بولز کا سامنا کرنے کے بعد اپنا پہلا اور واحد رن اسکور کيا۔

سولہويں اوور ميں ان کی وکٹ گرنے کے بعد جو سلسلہ شروع ہوا، وہ شاذ و نادر ہی ديکھنے کو ملتا ہے۔ ناگالينڈ کی پوری کی پوری ٹيم سترويں اوور ميں صرف دو رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ان ميں ايک رن وائد بال کا تھا جبکہ ايک رن مينکا نے بنايا۔ رياستی سطح کی اس ٹيم کی بقيہ تمام خاتون کھلاڑی بغير کوئی رن اسکور کيے پويلين لوٹ گئيں۔

ميچ جيتنے کے ليے کيرلا کی ٹيم کو تين رنز کا ہدف درکار تھا۔ ناگالينڈ کی جانب سے ديپيکا کينٹورا نے پہلی گيند وائڈ کرائی اور پھر دوسری، ليکن ميچ کی پہلی صحيح بال پر کيرلا کی کھلاڑی انسو راجو نے چوکا لگا ڈالا۔ يوں کيرلا نے يہ ميچ صرف ايک ہی بال پر اور دس وکٹوں سے جيت ليا۔

ناگالينڈ کی ٹيم اس سے قبل يکم نومبر کو کھيلے گئے ايک ميچ ميں بھی غير معمولی کارکردگی کی وجہ سے معروف ہے۔ اس ميچ ميں ٹيم کی خاتون باؤلرز نے بياليس وائڈ بولز کرائيں۔

واضح رہے کہ کرکٹ کی تاريخ ميں کسی بھی ڈوميسٹک ميچ کا سب سے کم اسکور چھ تھا، جو بھارت ہی کی ايک ٹيم نے انگلينڈ کے خلاف سن 1810 ميں بنايا تھا۔ یوں تقریبا ایک صدی بعد ناگالينڈ کی ٹيم نے ایک نئی تاريخ بنا ڈالی ہے۔