1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دو روز میں چھ ہزار تارکین وطن سمندر برد ہونے سے بچا لیے گئے

صائمہ حیدر
7 مئی 2017

اطالوی کوسٹ گارڈ کے مطابق گزشتہ دو روز میں قریب چھ ہزار تارکین وطن کو مختلف امدادی کارروائیوں کے دوران بحیرہ روم میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن میں اطالوی بحریہ کے علاوہ دیگر امدادی تنظیموں نے بھی حصہ لیا۔

https://p.dw.com/p/2cYTe
Mittelmeer - Flüchtlinge – Boot
جمعے کے روز مہاجرین کی کشتیاں ڈوبنے کے واقعات میں سات اموات بھی ہوئیںتصویر: Getty Images/AFP/A. Messinis

اطالوی کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بروز ہفتہ تین ہزار تارکینِ وطن کو سمندر بُرد ہونے سے بچایا گیا جبکہ اس سے صرف ایک دن پہلے یعنی جمعے کے روز بھی قریب اتنے ہی مہاجرین کو متعدد امدادی کارروائیو‌ں میں سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا تھا۔

 اطالوی کوسٹ گارڈ نے بیان میں یہ بھی کہا کہ دونوں دن کی جانے والی مختلف امدادی کارروائیوں میں اطالوی نیوی، کوسٹ گارڈ، یورپی سرحدی ایجنسی فرنٹیکس اور متعدد غیر سرکاری تنظیموں کے بحری جہازوں نے حصہ لیا۔

جمعے کے روز مہاجرین کی کشتیاں ڈوبنے کے واقعات میں سات اموات بھی ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز بچائے جانے والے پناہ گزینوں میں سے بیشتر کو اٹلی کے ساحلوں تک پنہچا دیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ بھی راستے میں ہیں۔ لیبیا کی کوسٹ گارڈ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اُس نے گزشتہ روز طرابلس سے کچھ  فاصلے پر سمندر میں170 تارکینِ وطن کو ڈوبنے سے بچایا تاہم وسائل ناکافی ہونے کے سبب وہ مزید افراد کو نہیں بچا سکے۔

Mittelmeer - Flüchtlinge – Boot
تصویر: Getty Images/AFP/A. Messinis

شمالی افریقہ سے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کے لیے اٹلی پہلی منزل ہوتا ہے۔ زیادہ تر مہاجرین لیبیا کے ساحلی علاقوں سے کمزور کشتیوں پر سوار ہو کر بحیرہ روم کے پرخطر راستوں سے اٹلی پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق سن دو ہزار سولہ کے دوران تقریباﹰ ایک لاکھ اسّی ہزار افراد اسی سمندری راستے سے اٹلی کے مختلف جزائر تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

گزشتہ برس کے پہلے چار مہینوں کے مقابلے میں رواں برس اسی عرصے میں شمالی افریقہ سے اٹلی پہنچنے والے افراد کی تعداد میں تیس فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ اطالوی وزارت داخلہ کے اعدادوشمار کے مطابق سن دو ہزار سولہ کے مقابلے میں رواں برس اسی عرصے میں سمندر میں ہونے والی ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، جو ساڑھے آٹھ سو سے بڑھ کر ایک ہزار کے قریب پہنچ چکی ہیں۔